Live Updates

اسحاق ڈار کا پہلگام واقعہ پر سعودی وزیرخارجہ سے رابطہ، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا

قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں ہیں،بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،اسحاق ڈارکی سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 اپریل 2025 11:15

اسحاق ڈار کا پہلگام واقعہ پر سعودی وزیرخارجہ سے رابطہ، قومی سلامتی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل 2025)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا، نائب وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا، سعودی وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے پر اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے رابطہ کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب کو بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل کو ٹیلی فونک رابطے میں بتایا کہ یہ فیصلے بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں ہیں۔ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور گفتگو کے دوران خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا اور کسی بھی جارحیت پر پاکستان کے سخت جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا اور دونوں رہنماوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ صورت حال سے آگاہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ایران کی کوششوں کو سراہا اور عمان کے دارالحکومت مسقط میں کل ہونے والے ایران،امریکا مذاکرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا اور بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیز اقدام کے خطرات سے آگاہ کیا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات