کینالوں کا مسئلہ سندھ کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،کاشف سعید شیخ

سندھ دھرتی کا سودا کرنے والے حکمرانوں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی،امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 28 اپریل 2025 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء) جماعت اسلامی سندھ نے دریائے سندھ پر نئی نہرون کی تعمیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ قرار اور مطالبہ کیا ہے کہ نئی نہروں کی تعمیر اور کارپوریٹ فارمنگ کا منصوبہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ سندھ کے لوگ کسی بھی صورتحال مین دریائے سندھ پر ڈیم اور نئی نہروں کی تعمیر کے منصوبے کو قبول نہیں کریں گے۔

وکلاء کے دھرنون پر پولیس گردی قابل مذمت اور پیپلزپارٹی کی بدترین فسطائیت ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے قباء آڈیٹوریم میں مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ دھرتی کا سودا کرنے والے حکمرانوں کو قوم اور تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی سندھ کے حقوق کے سوداگروں سے اب نجات حاصل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ کینالوں پر پیپلزپارٹی کا دہرا معیار افسوس ناک ہے کیونکہ صدر زرداری نے کینال منصوبے پر خود دستخط کئے اب احتجاجی مظاہرے وبیان بازی فیس سیونگ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔

اجلاس میں پروفیسر خورشید احمد سمیت دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت جبکہ سالانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ اور آئندہ کی منصوبہ بندی سمیت دیگر دعوتی ،تنظیمی اور عوامی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔