Live Updates

دھرنوں کے باعث ملک بھر میں خوردنی تیل کی قلت کا خدشہ

قومی شاہراہوں اور ہائی ویز پر جاری دھرنوں کے باعث خوردنی تیل، کوکنگ آئل اور گھی کی ترسیل شدید متاثر ہو چکی

پیر 28 اپریل 2025 20:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم ای) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کو ملک کے دیگر صوبوں سے ملانے والی قومی شاہراہوں اور ہائی ویز پر جاری دھرنوں کے باعث خوردنی تیل، کوکنگ آئل اور گھی کی ترسیل شدید متاثر ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں کنٹینرز مختلف راستوں پر پھنسے ہوئے ہیں اور صنعتکاروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں اور روڈ کی بندش کے باعث بہت مشکلات کا سامنا ہے، غیر ملکی برآمدی آرڈر بھی پورٹ پر نہیں پہنچ پا رہے ہیں جس کے باعث خدشہ ہے کہ صنعتکاروں کو بروقت ڈلیوری نہ ہونے کے سبب مالی پریشانیوں اور دیگر رکاوٹوں کا بھی سامنا کرنا پڑے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف خوردنی اشیاء کی سپلائی متاثر ہوئی ہے بلکہ کئی علاقوں میں اشیائے خوردونوش خصوصاً تیل اور گھی کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، جو عام صارفین کے لیے بھی مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتیں جو درآمد شدہ خام مال پر انحصار کرتی ہیں، بالخصوص خوردنی تیل کی پیداوار سے وابستہ کارخانے، بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ فیکٹریوں میں پیداواری عمل سست روی کا شکار ہے اور اگر راستے فوری طور پر نہ کھلوائے گئے تو آنے والے دنوں میں قلت مزید سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں اور ہائی ویز کو فوری طور پر مظاہرین سے خالی کرایا جائے اور مال برداری کے نظام کو بحال کیا جائے تاکہ ملک بھر میں اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے، ایکسپورٹ سمیت ملک بھر میں ترسیلی نظام بحال ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ملک بھر میں خوردنی تیل، کوکنگ آئل اور گھی کی شدید قلت کا خدشہ ہے، جس سے نہ صرف صارفین کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ انڈسٹری کا پہیہ بھی رک جائے گا۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ خوردنی تیل کی صنعت ملکی ضروریات کا بڑا حصہ پورا کرتی ہے اور اس کی ترسیل میں رکاوٹ قومی معیشت پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ صنعتکاروں کو مزید نقصانات سے بچانے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں کیونکہ شاہراہوں کی بندش سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی متاثر ہو رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات