Live Updates

تحریکِ بیداری امت مصطفی کے زیر اہتمام غزہ کانفرنس کل (29 اپریل) ہوگی

پیر 28 اپریل 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ کے زیر اہتمام ایوانِ اقبال لاہور میں اہم کانفرنس بعنوان "غزہ میں کیا ہو رہا ہے اور ہمیں کیا ہو گیا ہی" کل دن 2 بجے منعقد ہوگی جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستان کی ممتاز مذہبی، فکری، سیاسی، صحافتی اور دانشور شخصیات شرکت کریں گی جن میں مفتی اعظم غزہ ڈاکٹر محمد یوسف الشوبکی، صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب چوہدری شافع حسین، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی راغب حسین نعیمی، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی ڈاکٹر سید عبد الخبیر آزاد، سابق وزیر مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ سید جواد نقوی نے کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کی خاموشی اور بے حسی نے ہمیں ایک سنگین سوال کا سامنا کرایا ہے، جو قرآن کی آیت سے مربوط ہے کہ تمھیں کیا ہوگیا ہے کہ تم کیوں نہیں نکلتے جب ستم رسیدہ پکار پکار کے کہتے ہیں کہ اس ظالم قریے کے لوگوں سے ہمیں نجات دی انہوں نے کہا کہ غزہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں ہونے والی وحشیانہ بمباری اور ظلم و ستم کے باوجود بیشتر مسلمان محض تماشائی بنے ہوئے ہیں، اور بعض نے منافقت کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔

خون میں لتھڑے معصوموں کے لاشے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے پکار رہے ہیں، لیکن ہماری اکثریت اس پر خاموش ہے۔ ہم نے اپنی دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں سے غفلت برتی ہے، جس کے نتیجے میں ہم نے اپنی شناخت کھو دی ہے۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم خوابِ غفلت سے بیدار ہوں اور اس ذمہ داری کا ادراک کریں جو دین ہم سے تقاضا کرتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات