Live Updates

مینارٹی ایڈوائزری کونسل،پنجاب (MACP) کی تقریب حلف برداری

پیر 28 اپریل 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) پنجاب کی نو تشکیل شدہ مینارٹی ایڈوائزری کونسل (MACP) کی حلف برداری کی تقریب نیو منسٹرز بلاک کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب حکومت پنجاب کی اقلیتی برادریوں کی نمائندگی، تحفظ اور بااختیار بنانے کی کوششوں کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی۔ تقریب میں مسیحی، ہندو، سکھ،مسلم اور دیگر اقلیتی برادریوں کے نمائندوں کے علاوہ سرکاری حکام اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور چیئرمین MACP حلف اٹھایا، جبکہ کامران مسیح بھٹی نے وائس چیئرمین اور عاقب عالم نے کنوینئر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ یہ کونسل وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے قائم کی گئی اور باقاعدہ طور پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے نوٹیفائی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل کی مدت تین سال ہوگی، تاہم حکومت جب چاہے اسے تحلیل کر سکتی ہے۔

سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور رائے علی بہادر قاضی نے تمام ممبران سے حلف لیا۔چیئرمین رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا اس اہم کونسل کا چیئرمین بننا باعثِ اعزاز ہے جبکہ ہم سب ملکر مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ، اور ان کے معاشی و سیاسی مواقع میں بہتری کے لیے حکومت پنجاب کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کونسل کے پلیٹ فارم سے مذہبی اقلیتوں کے مسائل کو احسن طریقے سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے جھوٹے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری ایک قوم ہیں جبکہ بھارت میں کتنی ہی قومیں بستی ہیں تاہم اگر بھارت نے کوء بھی سازش کی تو اسکو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کو خوشخبری سنائی کہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے ان کے پاکستان آنے میں کوء پابندی نہیں ہے جسکی بہترین مثال حالیہ بیساکھی تقریبات میں دیکھی گئیں۔

کونسل کی اہم ذمہ داریوں میں اقلیتوں سے متعلق مسائل پر حکومت کو مشورہ دینا، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا،اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا، اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی ترقیاتی منصوبوں میں معاونت فراہم کرنا،تعلیم، روزگار اور سیاسی شمولیت کے مواقع کو بہتر بنانا شامل ہے جبکہ یہ کونسل بغیر کسی معاوضے کے کام کرے گی، اور اس کا مقصد صرف عوامی خدمت اور مساوات کا فروغ ہے۔

تمام اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحرک کردار ادا کریں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اپنی ذمہ داریاں مخلصی سے نبھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب کے اختتام پر پوپ فرانسس کے انتقال پر انکے لئے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی۔کونسل کے اراکین میں سہیل اکرم، شاہد جاوید رحمت، کرامت مسیح، ندیم مسیح، عاشق مسیح، انیل پرویز، سہیل انور، شکیل چمن، سلیم شاکر، وسیم راجہ، مشتاق یعقوب سندھو، شہزاد عارف، مشتاق گل، ڈاکٹر شاہد شوکت، اندر یاس مسیح، وسیم مسیح، عدنان شہزاد، سمبل منیر، پرینکا، سورکھا شاکر، زوبیہ نذیر، سنین، کانجی رام، سجن بھٹیا، رتن لال، لالا اکمل بھیل، سردار جسکرن سنگھ، سردار سٴْرجیت سنگھ، سردار پلویندر سنگھ، سردار دلاور سنگھ، مفتی سید عاشق حسین اور مولانا شکیل الرحمن ناصر شامل تھے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات