ضلعی انتظامیہ گوادر کا غیر قانونی پیٹرول پمپوں کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائی

پیر 28 اپریل 2025 23:23

ِگوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) حکومت بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ گوادر نے غیر قانونی پیٹرول پمپوں کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائی کی، جس کے دوران 36 غیر قانونی پیٹرول پمپوں کو سیل کر دیا گیا۔یہ کارروائی جی پی اے کمپلیکس سے شروع ہو کر ڈور تک تسلسل کے ساتھ جاری رہی۔ واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں غیر قانونی پیٹرول پمپوں اور ڈپووں پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

شہری علاقوں میں قائم غیر قانونی ڈپو اور پیٹرول پمپ نہ صرف آتشزدگی اور دیگر خطرات کا باعث بن رہے ہیں بلکہ سمگل شدہ تیل کے کاروبار سے ملک کی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔کارروائی کے دوران تحصیلدار گوادر منیر احمد بلوچ اور پولیس کی جانب سے ایس آئی جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حصہ لیا اور حکومتی احکامات پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے غیر قانونی پیٹرول پمپوں اور کاروبار کے خاتمے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔