Live Updates

جامعہ کراچی میںبھارتی جارحیت، غیر ذمہ دارانہ رویے اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی دھمکی کے خلاف احتجاجی ریلی

پیر 28 اپریل 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)جامعہ کراچی میں پیر کے روز بھارتی جارحیت، غیر ذمہ دارانہ رویے اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی دھمکی کے خلاف بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کی جس میں اساتذہ، طلبا و طالبات اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز جامعہ کی انتظامی عمارت سے ہوا اور آزادی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شریک افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے جارحانہ عزائم، سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی اور پاکستان سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ''پاکستان زندہ باد''، ''بھارت باز آؤ''، پاک فوج زندہ باد جیسے نعرے گونجتے رہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا رویہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے بھارت یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ان جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

وائس چانسلر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ علم، اتحاد اور قومی جذبے کو ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے استعمال کریں اور ہر سطح پر حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا پیغام عام کریں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم دھمکیوں سے نہیں ڈرتی ،پاکستانی قوم اصولوں کی بات کرتی ہے۔سندھ طاس معاہدے کی معطلی پاکستان کی زراعت، معیشت، اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی سازش ہے اوربھارت کا یہ رویہ جنوبی ایشیا کو ایک نئے محاذ پر لا کھڑا کر سکتا ہے۔

پاکستانی قوم متحد اور اپنی افواج کے ساتھ مل کر ہر سازش کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیارہے۔پاکستان دفاعی طورپر بہت مضبوط ہے،ہمیں فخرہے کہ ہماری فوج دنیا بھر میں اپنے پیشہ ورانہ مہارتوں کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتی ہیں۔ریلی میں خواتین اساتذہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات