Live Updates

۵لاہورپریس کلب کے مسیحی ممبران میں ایسٹر چیکس کی تقسیم کی تقریب ، کرسٹوفر فلبوس اور سہیل عالم کی خصوصی شرکت

پیر 28 اپریل 2025 21:20

iلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2025ء) لاہورپریس کلب اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کی معاونت سے لاہورپریس کلب کے مسیحی ممبران میں ایسٹر چیکس کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں صدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر ، سیکرٹری عدنان شیخ ، پریس کلب کی گورننگ باڈ ی کے ممبران الفت مغل ،شاہدہ بٹ،سابق سینئر نائب صدر جاوید فاروقی شریک ہوئے ۔

پنجاب اسمبلی کی اسٹیڈنگ کمیٹی برائے اقلیتی امور کے چیئر مین کرسٹوفر فلبوس اور مینارٹی ایڈوائزری پنجاب کے رکن سہیل عالم خصوصی طور پر تقریب میںشریک ہوئے ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کے اب تک کے اقدامات سے صحافی دوستی واضح ہوکر سامنے آتی ہے ، وزیر اعلی پنجاب نے لاہورپریس کلب کو نہ صرف بھرپورمالی تعاون فراہم کیا جس کے باعث کلب میں سولر پینل کی تنصیب ممکن ہوئی ۔

(جاری ہے)

صدر ارشد انصاری نے کہاکہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لاہورپریس کلب کے ممبران صحافت میں اپنی گوناگوں خدمات کے باعث لاہورپریس کلب کا نام روشن کر رہے ہیں، پاکستان کے قیام میں اقلیتوں نے نمایاں کردار اداکیاتھا اور آج بھی وہ مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمیں پاکستانی بن کے اپنے دشمن دہشت گرد مودی اور اس کی فوج کا مقابلہ کرنا ہے یہ لوگ اپنے جھوٹے بیانیے سے پاکستانی قوم کو پریشان نہیں کرسکتے ، پہلگام کے نام نہاد حملہ تک پہنچنے کے لئے نریندر مودی اور بھارتی فوج کے سربراہ سے تفتیش کی جانا ضروری ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اقلیتی کے چیئرمین کرسٹوفر فلبوس نے کہاکہ مودی سرکار واضح کرناچاہتے ہیں کہ کسی بھی ایڈونچرکی صورت میں ان کا بچنا مشکل ہوگا، پاکستان پر حملہ کرنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چائے پلاکر واپس بھجوادیاتھا لیکن ہردفعہ یہ سہولت نہیں دی جائے گی ، پاکستان جوہری صلاحیت رکھنے والاملک ہے جو اپنی سلامتی اور خودمختاری پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا ، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پہلے پاکستانی ہیں ۔

انھوںنے اعلان کیا کہ آئندہ کرسمس اور ایسٹر کے موقع پر لاہورپریس کلب کے اقلیتیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کو دیئے جانے والے چیکس میں اضافہ کیا جائے گا ، رپورٹر اور کیمرہ مینوں کے ساتھ ان کی فیملیز کو بھی چیکس دیں گے ۔ اس موقع پر چیئرمین سٹیڈنگ کمیٹی کرسٹوفر فلبوس نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر اور سیکرٹری عدنان شیخ کا بھی چیکوں کی تقسیم میںمعاونت پر شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر ایسٹر کیک کاٹنے کے ساتھ لاہورپریس کلب کے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ممبران میں چیک تقسیم کئے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات