Live Updates

میرے لیے عہدے اہمیت کے حامل نہیں صرف پارٹی کیلئے کام کرنا ہے، عالیہ حمزہ

چاہتی ہوں میری تعیناتی کا نوٹیفکیشن عمران خان کیساتھ ملاقات کے بعد جاری کیا جائے، رہنماء پی ٹی آئی

پیر 28 اپریل 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)رہنماء پی ٹی آئی عالیہ حمزہ نے کہا ہے چاہتی ہوں میری تعیناتی کا نوٹیفکیشن عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیا جائے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا کہ میرے لئے عہدے اہمیت کے حامل نہیں مجھے صرف پارٹی کیلئے کام کرنا ہے، چاہتی ہوں میری تعیناتی کا نوٹی فکیشن اس وقت جاری ہو جب تک میری عمران خان سے ملاقات نہ ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پنجاب میں پارٹی کی کارکردگی کی مکمل پرفارمنس رپورٹ تیار کی ہے، پنجاب کے تمام حلقوں کی رپورٹ تیار کر کے خان کو پیش کرنی ہے، میرے پاس یوم تاسیس کی رپورٹ بھی آچکی ہے دو دن لگتے ہیں ایک حلقے کی رپورٹ بنتی ہے، ہمارے پاس ڈیٹا ہے کہ پارٹی کے مشکل وقت میں کس نے ہمارا ساتھ دیا اور کس نے نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب کی اے پی سی بلائیں گے جس میں احتجاج کا باقاعدہ اعلان ہوگا، موجودہ سخت صورتحال میں ہمیں پارٹی کے لئے اچھے چہرے مل رہے ہیں، پی ٹی آئی میں اختلاف رائے ہے مگر اختلاف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سوال کا جواب دینا چاہئے سوال کرنے والے کو نہیں اٹھانا چاہیے، ہم ہیلتھ الائنس اور کسان اتحاد کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔ عالیہ حمزہ نے کہاکہ پارٹی ڈسپلن بہت اہم ہے، میرے لئے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ دونوں اہم ہیں، میرے عہدہ سنبھالنے پر پنجاب کی قیادت نے مجھے ویلکم کیا تھا، مجھے ٹاسک دیا گیا ہے کہ پنجاب کو اکٹھا کرنا ہے دھڑے ختم کرنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جیل میں کسی کی بات نہیں سنی تو اب بھی نہیں سنوں گی، ہمارا موقف واضح ہے انڈیا کی سکیورٹی کا اپنا لیپس ہے اسی لیے پہلگام واقعہ ہوا ہے، ہم کسی قسم کی دہشت گردی کو سپورٹ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں مائنس عمران خان فارمولا کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، ہم تو کوئی اہم میٹنگ خان کے بغیر قبول نہیں کرتے وزیر اعظم کا عہدہ کیسے قبول کرلیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی مقبول ترین جماعت ہیں اور گورنمنٹ ان ویٹنگ ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات