Live Updates

وزیر دفاع خواجہ آصف سے سری لنکن سیکرٹری دفاع اور سری لنکن نیوی کے کمانڈر کی ملاقات

فریقین کا دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار ،باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کا عزم

پیر 28 اپریل 2025 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے سری لنکا کے سیکرٹری دفاع ائیر وائس مارشل (ر)سمپتھ تھیویاکونتھا اور سری لنکن نیوی کے کمانڈر وائس ایڈمرل کنچنا بناگوڈا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دونوں اطراف نے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی رضامندی پر زور دیا۔ وزیر دفاع نے پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دیرینہ دوستی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اہم مسائل اور علاقائی تناظر میں نقطہ نظر کی قربت کو دیکھتے ہوئے دونوں ممالک کو کثیرالجہتی تعلقات کے مثبت انداز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ مہمانوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، انسداد دہشت گردی میں ان کی کامیابیوں اور کوششوں کا اعتراف کیا۔فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہرکیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات