Live Updates

ہارون اختر کا بیمار صنعتوں کی بحالی، کام کرنیوالی صنعتوں کو مزید وسعت دینے پر زور

خطے میں معاشی مقابلے کی صلاحیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو بنیادی مسائل کا حل نکالنا ہوگا،معاون خصوصی

پیر 28 اپریل 2025 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے بیمار صنعتوں کی بحالی، کام کرنیوالی صنعتوں کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں معاشی مقابلے کی صلاحیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کو بنیادی مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ٹیکس ریٹس کو منصفانہ بنانے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں بلند ٹیکس شرحوں اور مقامی صنعتوں کو مراعات کی عدم فراہمی کے باعث درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم نے یہ کمیٹی مسائل کی نشاندہی اور قابلِ عمل حل تجویز کرنے کے لیے تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے کہا کہ خطے میں معاشی مقابلے کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو ان بنیادی مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ بلند ٹیکس شرحوں کی وجہ سے صنعتی شعبہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور متعدد کاروبار بند ہو چکے ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ ہمیں بیمار صنعتوں کو بحال کرنا اور کام کرنے والی صنعتوں کو مزید وسعت دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ انہیں آئندہ بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔ہارون اختر خان نے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت دی کہ وہ اگلے اجلاس میں ٹھوس حل اور قابلِ عمل سفارشات پیش کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات