Live Updates

سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے وجود اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن

منگل 29 اپریل 2025 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے کہاہے کہ بار بنیادی حقوق کے تحفظ، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور قومی وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ایک نگران کے طور پر اپنے کردار میں ثابت قدم ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر میاں محمد رئوف عطاء نے منگل کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ 1960ء کا سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے وجود اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، یہ معاہدہ جس کی ثالثی عالمی بینک نے کی تھی، واضح طور پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ اس کے دستخط کنندگان میں سے کوئی بھی یکطرفہ طور پر اسے ختم نہیں کر سکتا، اس سے دستبردار نہیں ہو سکتا یا اسے التواء میں نہیں رکھ سکتا۔

اس کے باوجود بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس معاہدے کو معطل کر دیا ہے، ہم معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو غیر ضروری اقدام کے طور پر دیکھتے ہیں جس کا مقصد پانی کے بہائو میں خلل ڈالنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا بھی اتنا ہی افسوسناک ہے کہ کافی وقت گزر جانے کے باوجود اس معاہدے کا ضامن عالمی بینک بھارت کی من مانی کارروائی کا کوئی نوٹس لینے میں ناکام رہا ہے۔

ہم عالمی بینک پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت کو معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو یاد دلائے۔ پہلے سے ابتر صورتحال مزید بگڑنے سے پہلے اس اہم مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس معاملے کو مناسب فورمز پر اٹھانے کی کوششوں کے طور پر قانونی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کے لیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سیکرٹری بار سلمان منصور، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میر عطاء اللہ لانگو، صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر سرفراز میتلو، بیرسٹر ایم ایچ سبحانی اور حافظ احسن کھوکھر اے ایس سی شامل ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات