Live Updates

عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق اور آئینی اقدار کی توہین ہے

عدالتی احکامات کے باوجود آج پھر بہنوں کو بھائی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عدالتی احکامات پر فی الفور اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 اپریل 2025 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء) سابق اسپیکر، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا انسانی حقوق اور آئینی اقدار کی توہین ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آج ایک بار پھر عمران خان کی بہنوں کو، عدالتی احکامات کے باوجود، اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ اقدام نہ صرف قانونِ وقت کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور آئینی اقدار کی توہین بھی ہے۔ ایسے طرزِ عمل سے یہ تاثر مزید گہرا ہو رہا ہے کہ ریاستی ادارے سیاسی انتقام کی روش پر گامزن ہیں، جہاں ذاتی رنجشیں اور سیاسی دشمنی کو قانون اور انصاف پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عدالتی احکامات پر فی الفور اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اور عمران خان کے اہلِ خانہ کو ان سے ملاقات کا آئینی، قانونی اور انسانی حق بلا تاخیر فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب رہنماء پی ٹی آئی اعظم سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا یہ ملک بھی میرا ہے اور فوج بھی، وقت کا تقاضہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔ پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جارحیت اور کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم انسانیت کی بدترین تاریخ ہے، آج جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، ہماری فوج ملک و قوم کے دفاع کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کمی محسوس کی جارہی ہے، بھارت کو شکست دینے کیلئے عوام کا فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے، وقت کا تقاضہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی باعزت رہائی ناگزیر ہے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ بانی نے پہلے ہی کہا تھا یہ ملک بھی میرا ہے یہ فوج بھی میری ہے، جن مسخروں کو حکومت دی ہوئی ہے، یہ ملک کو بچا نہیں سکتے، نوازشریف ، شہبازشریف اور آصف زرداری نے اے ٹی ایم مشین کی طرح ملک کو لوٹا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات