Live Updates

پاکستان،افریقہ بزنس سینٹر کا افتتاح جولائی 2025 میں ہوگا

بدھ 30 اپریل 2025 18:08

!کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)پاکستان سدرن افریقہ ٹریڈ فیڈریشن (پی ایس اے ٹی ایف) جولائی 2025 میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں اپنے پاک افریقہ بزنس سینٹر کا افتتاح کرے گا، جو دوسرے پاک افریقہ بزنس سمٹ کے دوران افتتاحی تقریب کا حصہ ہوگا۔ یہ سمٹ اب جولائی کے آخر میں منعقد کی جائے گی تاکہ بزنس سینٹر کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ ساتھ پاکستانی تاجروں اور برآمدکنندگان کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو شرکت کا موقع مل سکے۔

اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے اختتام پر پی ایس اے ٹی ایف کے چیئرمین محمد رفیق میمن نے اس سینٹر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ''پاکستان-افریقہ بزنس سینٹر پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ سینٹر جنوبی افریقہ میں کاروبار کو فروغ دینے اور خصوصاً پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے کے لیے جنوبی افریقہ میں ایک شاندار مرکز کے طور پر کام کرے گا جسے افریقی براعظم کا دروازہ سمجھا جاتا ہے۔

سینٹر میں جدید ترین پروڈکٹ ڈسپلے سینٹر اور وسیع گودام کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جن کی بدولت پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تاجروں اور برآمدکنندگان کو اپنی تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے بے مثال مواقع دستیاب ہو سکیں گے۔'' دوسرا پاک افریقہ بزنس سمٹ جو 24-26 جون 2025 کو جوہانسبرگ میں ہونا تھا، پاکستان میں تاجربرداری اور تجارتی اداروں کے اصرار پر اب اس کی تاریخیں تبدیل کر دی گئی ہیں تاکہ بزنس سینٹر کے افتتاحی پروگرام اور پاکستانی تاجروں اور برآمدکنندگان کی زیادہ شرکت کے لیے وقت مل سکے۔

''ہم نے تمام تیاریاں مکمل کر لی تھیں، لیکن پاکستان کے تجارتی حلقوں اور کاروباری اداروں کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سمٹ کی تاریخوں کو دوبارہ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاکستان سے تجارتی وفود اس میں بھرپور شرکت کر سکیں۔'' محمد رفیق میمن نے کہا۔ ''پاکستانی تاجروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی حوصلہ افزا ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ایونٹ میں شرکت کر سکیں۔

'' سمٹ کے انعقاد سے قبل تجارتی حکام اور کاروباری انجمنوں اورافراد کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کے لیے پی ایس اے ٹی ایف سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں رابطہ دفاتر قائم کرے گا۔ اس کے علاوہ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کئے جائیں گے تاکہ پاکستانی مصنوعات کو افریقہ کے طول وعرض میں متعارف کراکے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھایا جا سکے۔

اپنے اپریل2025 کے دورے کے دوران، جو وزیراعظم اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کی خصوصی دعوت پر کیا گیا،پاکستان سدرن افریقہ ٹریڈ فیڈریشن کے چیئرمین محمد رفیق میمن نے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانی کنونشن میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر قیصر احمد شیخ سے بھی اعلیٰ سطح پر ملاقات کی۔

دونوں وفاقی وزراء کو پاک افریقہ ٹریڈ سمٹ 2025 میں شرکت کی رسمی دعوت بھی دی گئی۔پی ایس اے ٹی ایف کے وفد نے موزمبیق کے قونصل جنرل خالد تواب، ایتھوپیا کے قونصل جنرل ابراہم تواب، انجینئر خداد بخش، سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی)، کریم عزیز ملک، چیئرمین ایف پی سی سی آئی پریذیڈنٹ سیکرٹریٹ، احمد علی سروہی، ڈی جی (افریقہ) وزارت خارجہ، میاں ابوذرشاد، صدرلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پاکستان ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (اے بی اے ڈی) کے چیئرمین جناب حسن بخشی اور کراچی میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ ارم تنویر سے بھی ملاقات کی اور پی ایس اے ٹی ایف کے وفد کے موجودہ دور ہ پاکستان اور پاک افریقہ ٹریڈ سمٹ کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اپنے دورے کے دوران، چیئرمین پی ایس اے ٹی ایف محمد رفیق میمن نے گجرانوالہ بزنس سینٹر (جی بی سی)، پاکستان اسپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای ای) اور سیالکوٹ میں سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس آئی ایم اے پی) کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے گجرانوالہ بزنس سینٹر کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کیے تاکہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کے ساتھ مذاکرات میں پی ایس اے ٹی ایف اور بورڈ آف انویسٹمنٹ نے تجارت کے تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خاص طور پر افریقی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی کھپت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسی طرح، وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے ملاقات کے دوران، نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے، دوطرفہ برآمدات کو بڑھانے اور افریقہ میں پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزراء اور دیگر تجارتی حکام نے پی ایس اے ٹی ایف کے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور جولائی کے آخر میں جوہانسبرگ جنوبی افریقہ میں ہونے والی پاک افریقہ ٹریڈ سمٹ میں بھرپور شرکت پر آمادگی ظاہر کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات