Live Updates

پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں مزید اضافہ کر دیا ہے، بیرسٹر سلطان محمود

بدھ 30 اپریل 2025 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے واقعہ کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو چھپا کر دنیا کے سامنے اپنے آپ کو امن پسند ظاہر کر رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے چند منٹ بعد ہی بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا تھا کیونکہ بغیر ثبوت کے دنیا کی کوئی بھی قوم یا ملک ایسے بے بنیاد الزامات کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے، بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد انڈس واٹر ٹریٹی کو منسوخ کر کے آبی جارحیت شروع کی اور دریا جہلم میں پانی چھوڑ دیا ، اسی طرح بھارت نے ہندوستان کے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے ویزے کینسل کر کے انہیں پاکستان بھیجنے کا حکم دے دیا ،یہ سب اقدامات بھارتی جارحیت اور ہندوتوا نظریے کی عکاسی کرتے ہیں جس سے دنیا بخوبی آگاہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے آرٹیکل 370اور 35-Aکو منسوخ کر دیا ،اس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و بربریت کے ایک سخت اور بدترین دور کا آغاز کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کی ہی سرزمین سے بے دخل کردیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری گئیں جو کہ عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں کے مغائر ہے۔

اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کینیڈا، پاکستان اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس سے بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر سمیت دیگر دوست ممالک آگے بڑھیں اور پاک بھارت کشیدگی کو کم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ عالمی برادری کو اس معاملے کی سنگینی کو بھانپنا چاہئے اور خطے میں قیام امن کے لئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات