Live Updates

سیکرٹری و چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب کی زیرصدارت قومی سلامتی و یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

بدھ 30 اپریل 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) سیکرٹری و چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری کی زیرصدارت ایوان ِ اوقاف میں پیغام ِ پاکستان کے ابلاغ اور بھارتی جارحیت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد اور مستعدکے حوالے سے قومی سلامتی و یکجہتی کانفرنس منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محراب و منبر دفاعِ وطن سے آگاہ اور پوری قوم ملک کی حفاظت کے لیے یکجا ہے،بھارت خطے میں دہشت گردی سے باز رہے،وطن ِ عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی صلاحیت سے بہر ہ مند ہے،پرامن بقائے باہمی پر یقین ہے لیکن دشمن کی جارحیت کونظر انداز نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کیلئے دینی و سیاسی طبقات سمیت تمام شعبہ ہائے حیات کا یکجا ہونا لائق ِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امورخالد محمود سندھو، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، نائب مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا زبیر حسن،صدر نظام المدارس پاکستان میر آصف اکبر،چیئرمین امتحانات وفاق المدارس الرضویہ پاکستان مولانا ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان اور دیگر علما مولانا ڈاکٹر عمران انور نظامی،انچارج دارالافتا جامعہ نعیمیہ مفتی محمد عمران حنفی اور شیعہ مکتب فکر کے رہنمامولانا سجاد حسین جوادی نے کہا کہ محراب ومنبر ملکی استحکام کا ضامن ہے، ملکی یکجہتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،علمی اور دینی قوتیں، قومی یکجہتی اور اتحادواتفاق کے فروغ میں اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ملکی استحکام اور قومی یکجہتی ہماری اولین ترجیح ہے،پوری قوم ملکی دفاع کے لیے افواج پاکستان کے شابہ بشانہ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ سیکرٹری اوقاف کی خصوصی ہدایت پر اوقاف کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں ضلعی و ڈویژ نل سطح پر قومی سلامتی و یکجہتی کانفرنسز کے شایان ِ شان انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات