Live Updates

نادرا کی جانب سے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی عملدرآمد کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا انعقاد

پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کے آن لائن اندراج کے لئے موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے،چیئرمین نادرا پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت اور اسلام آباد کی یونین کونسلوں میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹر قائم کئے جا رہے ہیں،خطاب

بدھ 30 اپریل 2025 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)نادرا کی جانب سے نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی (این آر اینڈ بی پی)فریم ورک کی عملدرآمد کمیٹی کا دوسرا اجلاس نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کیا گیا،پہلے اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے شرکاء نے پالیسی فریم ورک کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام کلیدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا جن کا مقصد پاکستان میں رجسٹریشن اور بائیومیٹرک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا نے رجسٹریشن کے موجودہ نظام میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فریم ورک کے تحت رجسٹریشن کا محفوظ اور فعال نظام وضع کیا جا رہا ہے جس میں نادرا کے بنیادی ڈھانچے کو صوبوں کے سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (سی آر ایم ایس)کے ساتھ لنک کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نادرا نے شرکاء کو نادرا کی جانب سے تیار کی گئی سی آر ایم ایس موبائل ایپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس کے ذریعے شہری پیدائش، اموات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کا اندراج گھر بیٹھے کرا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا یہ موبائل ایپ سب سے پہلے صوبہ پنجاب میں متعارف کرانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے کی تمام یونین کونسلوں میں زندگی کے ان اہم واقعات کے اندراج کے لئے آنے والے شہریوں کی آسانی کے لئے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین نادرا نے بتایا کہ نادرا اسلام آباد کی تمام یونین کونسلوں میں ون ونڈو کاؤنٹرز قائم کر رہا ہے جہاں شہریوں کو نادرا کی تمام خدمات ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت خدمات کی فراہمی میں انقلابی بہتری آئے گی اور شہریوں کی اہم معلومات کے درست ڈیٹابیس کی تیاری میں مدد ملے گی۔ چیئرمین پی ٹی اے جو نیشنل بائیومیٹرک پالیسی کی تیاری پر کام کرنے والی ذیلی کمیٹی کی قیادت کر رہے ہیں، نے شرکاء کو متعلقہ فریقوں کے ساتھ اشتراک عمل کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی پالیسی کے مسودے پر کام کر رہی ہے جس پر متعلقہ فریقوں کی آرا حاصل کی جائیں گی جن کی روشنی میں مسودے میں ضروری تبدیلیوں کے بعد اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔ اجلاس کے دوران ایک مشاورتی سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکا نے پالیسیوں کی ہم آہنگی، عملدرآمد کی حکمت عملیوں اور اس سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات پر اپنی آرا کا اظہار کیا۔

مرکزی اجلاس کے علاوہ محکمہ مقامی حکومت کے عہدیداروں کے لئے منعقد کئے گئے ایک خصوصی سیشن میں سی آر ایم ایس موبائل ایپ کا تفصیلی ڈیمو پیش کیا گیا۔ اجلاس میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، داخلہ و انسداد منشیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، قانون و انصاف، اور بین الصوبائی رابطہ کی وزارتوں سمیت متعلقہ متعدد وفاقی و صوبائی محکموں اور اداروں کی سینئر قیادت اور نمائندوں نے شرکت کی۔

پی ٹی اے، ادارہ شماریات پاکستان، دارالحکومت اسلام آباد،ایف آئی اے، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)، سی ڈی اے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامی حکومت کے سینئر نمائندے ذاتی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بلوچستان اور سندھ کے محکمہ ہائے مقامی حکومت، اور گلگت بلتستان اور سندھ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈز کے نمائندوں نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات