Live Updates

آل پارٹیز کانفرنس یا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت ہوئی تو ضرور ہوگا، کوشش ہوگی کہ پی ٹی آئی بھی شریک ہو،رانا ثناء اللہ

پوری دنیا کو اس وقت اتحاد کا پیغام جاچکا ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے بیانات آچکے ہیں سب سیاسی اس وقت جماعتیں متحد ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 1 مئی 2025 13:05

آل پارٹیز کانفرنس یا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت ہوئی تو ضرور ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم مئی 2025)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس یا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت ہوئی تو ضرور ہوگا، ہماری کوشش ہوگی کہ پی ٹی آئی بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے،پوری دنیا کو اس وقت اتحاد کا پیغام جاچکا ہے،جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے بیانات آچکے ہیں۔

سب سیاسی اس وقت جماعتیں متحد ہیں۔ ہر جماعت اپنی ریاست کے ساتھ کھڑی مکمل طور پر کھڑی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اگر موقع آیا تو تمام جماعتیں متحد ہوں گی۔ملک کی خاطر تمام جماعتیں یک زبان ہیں ۔ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس وقت اپنی ا فوج ،عوام اور ریاست کے ساتھ کھڑی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر آگے بڑھنے کی کوشش کی تو انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ہمار ی طرف سے پہل نہیں ہوگی لیکن اگر ہم پر حملہ ہوا تو اس کا سخت جواب ملے گا۔ہم کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور دیں گے۔ہماری امن کی باتوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہم دشمن کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ دریں اثناءپنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا بھی کہنا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے جس طرح کی جارحیت ہوگی اس کواسی طرح کا منہ توڑ جواب ملے گا۔

پورا پاکستان اپنی بہادر افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اگرپاکستان کی سرحد پار کی تو یہ اس کی تاریخی بھول ہوگی۔ہم امن کے داعی ضرور ہیں مگر جنگ مسلط کی گئی تو انجام بھارت خود لکھے گا۔انہوں نے کہاکہ اللہ کے کرم سے، اللہ کے فضل سے دشمن کا غرور خاک میں ملانے کو تیار ہیں۔دوست ممالک سمیت پوری دنیا جان چکی ہے کہ امن کا دشمن اور دہشت گردوں کا سرپرست بھارت ہے۔مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اپنے ہی شہریوں کے خون پر سیاست کر رہی ہے۔ ہم پہلگام واقعہ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں انہیں انصاف دلانے کی بات کر رہے ہیںمگر وہ جنگ کی باتیں کررہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات