Live Updates

مودی حکومت جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرانے کے لیے کثیر الجہتی پروپیگنڈا کررہی ہے

جمعرات 1 مئی 2025 14:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) بی جے پی کی زیر قیادت بھارت کی ہندوتوا حکومت اور اس کا زرخریدمیڈیا مقبوضہ جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط کو جواز بخشنے کے لئے محاصرہ زدہ کشمیریوں اور پاکستان کے خلاف زیریلا پروپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں مقیم سیاسی تجزیہ کاروںاور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھارتی میڈیا اور بی جے پی حکومت کے پروپیگنڈے کی مذمت کی جس کا مقصد آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کے عزم کو توڑنا ہے۔

ایک تجزیہ کار نے مودی حکومت کی انتقامی کارروائی سے بچنے کے لئے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے کی غلط تصویر پیش کرنا چاہتی ہے اور پہلگام کے المناک واقعے کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے جوڑنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن حقیقت اس کے بالکل مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام کے واقعے کے بعد کشمیریوں کو چھاپوں کے دوران مسلسل جبر کا سامنا ہے۔

بڑے پیمانے پرگرفتاریاں، گھروں کومسمار اور املاک پر قبضہ کیاجارہا ہے جبکہ فوجی طاقت کے ذریعے ان کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تجزیہ کار نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، جسے بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کررکھاہے اوروہاں استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا ہے۔تجزیہ کار نے کہا جب کشمیری بھارت کو اس کے وعدے یاد دلاتے ہیں، تو انہیں جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کا جابرانہ قبضہ علاقائی کشیدگی کو ہوا دیتا ہے۔انسانی حقوق کے ایک کارکن نے کہا کشمیری ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن بھارت انہیں یہ حق دینے سے انکار کررہا ہے اور فوجی طاقت کے بل پر علاقے پر حکمرانی کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ این سی حکومت بے اختیار ہے، نئی دہلی کی وزارت داخلہ اور گورنر منوج سنہا کشمیر پر براہ راست حکومت کررہے ہیں اور کشمیر دشمن ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پیراملٹری فورسز اور پولیس کا استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ متنازعہ علاقے میں انتخابی ڈرامے اقوام متحدہ کی ساکھ کو مجروح کررہے ہیں جس نے کشمیریوں کی رائے معلوم کرنے کے لئے استصواب رائے کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا کہ بھارت کا کثیر الجہتی پروپیگنڈہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش ہے جس سے خطے کے لوگ خطرات سے دوچار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ دفعہ370اور 35Aکے تحت ریاستی حیثیت کی بحالی سمیت اپنے مطالبات کو ختم کرانے کی کوششوں کی مزاحمت کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات