اصولِ انسانیت پر مبنی اقدامات کے عنوان سے مذاکرے کا اہتمام

جمعرات 1 مئی 2025 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء) پشاور یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ریجنل سٹڈیز اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے اشتراک سے اصولِ انسانیت پر مبنی اقدامات کے عنوان سے ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں پشاور یونیورسٹی، شہید بے نظیر بھٹو وومن یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی اور انسٹیٹیوٹ آف لیگل سٹیڈیز کے طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

ایک روزہ مذاکرے میں انسانیت کی خدمت کے بنیادی اصولوں کی اہمیت، ہیومینٹرین جرنلزم اور بین الاقوامی قوانینِ انسانیت اور اسلام کے عنوانات پر شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس پشاور کی جانب سے ڈپٹی ہیڈ آف سب ڈیلیگیشن زرتاشہ قصیر خان نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیم برائے انسانیت، آئی سی آر سی، قیام پاکستان سے لے کر اب تک اپنے مینڈیٹ کے مطابق انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔

(جاری ہے)

جہاں ایک طرف یہ ادارہ پاکستان ہلال احمر اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر بالخصوص صحت کے شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے، وہیں خیبرپختونخوا کی جامعات، بالخصوص پشاور یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے طلبا و طالبات کو بین الاقوامی قوانینِ انسانیت اور ہیومینٹرین جرنلزم پر بھی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پشاور یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف کریمنالوجی کے اشتراک سے پولیس اہلکاروں اور افسران کے لیے قانون اور طاقت کے استعمال کیبین القوامی آداب پر دی گئی تربیت کا بھی ذکر کیا،ایک روزہ مذاکرے میں پشاور پریس کلب کے سابق صدر اور معروف صحافیوں، ارشد عزیز ملک، طارق وحید، محمد نعیم اور پشاور یونیورسٹی جرنلزم ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ جان نے ہیومینیٹرین جرنلزم کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں صحافت کا شعبہ منتخب کرنے والے طلبا یہ بات جان لیں کہ انسانی بحرانوں پر رپورٹنگ کرتے وقت نہ صرف متاثرین کی عزت کا خیال رکھا جائے بلکہ آپ تک پہنچنے والی معلومات کی تحقیق کے ساتھ ساتھ ان مسائل کا حل بتانے پر بھی زور دیا جائے۔

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین شہید سہروردی نے یونیورسٹی طلبا و طالبات کے لیے اس طرح کے مواقع فراہم کرنے پر انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے موضوعات نہ صرف ان طلبا کی معلومات میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ساتھ ہی مستقبل میں بطور فیصلہ ساز یہ طلبا دنیا میں بہتر انداز سے انسانیت کی خدمت کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کے بنیادی اصول انسانیت کی خدمت، بلا تفریق، غیر جانبدار پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکا میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔