Live Updates

آئی پی پی کاقومی سلامتی اداروں سے اظہار یکجہتی، مزدوروں کے عالمی دن پر محنت کشوں کوخراج تحسین

جمعرات 1 مئی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری نے قومی سلامتی کے اداروں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دفاع وطن کی ضامن ہے، قومی سلامتی کے ادارے اور پاک فوج ملکی سرحدوں کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی پیغام میں بھارتی جارحیت اور امن دشمن رویے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہوش کے ناخن لے اور خطے کو جنگ کے شعلوں سے دور رکھے، مودی کی جنونی سوچ کی وجہ سے خطے پر جنگ کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کے مسلم کش اور جنگی عزائم خطے کو انتہائی خطرناک جنگ کی جانب دھکیل رہے ہیں مگر بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، اسے کوئی واک اوور نہیں ملے گا بلکہ ایسا سبق سکھائیں گے کہ نسلوں تک یاد رہے گا۔

(جاری ہے)

سید صمصام بخاری نے مزیدکہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، تاہم جنگ مسلط ہونے کی صورت میں بھر پور جواب دیں گے، مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں جو اب تمام اقلیتوں کیلئے بھی خطرہ بن چکا اوربھارت کا نام نہاد سیکولرملک ہونے کا دعوی جھوٹا وچہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہا کہ ملکی سالمیت کے ساتھ ساتھ جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،پاکستان سب کا اور تمام سیاسی جماعتوں کو ہر قسم کی سیاسی تقسیم سے بالا تر ہو کر اتحاد کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنی غلط فہمی دور کر لے، اگر اس نے کسی خوش فہمی میں جنگ شروع کی تو بھیانک نتائج بھگتے گا، جنگیں کبھی فائدہ نہیں دیتیں، مودی اپنی عوام کو حقیقی نقصان سے آگاہ نہیں کر رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن پسند اور اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں،ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،دفاع وطن کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوارثابت ہو گی۔مزید برآں مزدوروں کے عالمی دن پر استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنمائوں نے محنت کشوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ہے۔

جنرل سیکرٹری آئی پی پی میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری،صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب، نائب صدر پنجاب میاں جنید ذوالفقار،رانا جاوید اقبال، روبینہ سلہری اور ڈاکٹر جویریہ سہروردی نے اپنے پیغامات میں کہا کہ مزدور خوشحال ہو گا تو ہی ملک خوشحال ہو گا، ہر فورم پرمزدور کے حقوق کی آواز بلند کرنا ہو گی،ہمارا دین "الکاسب حبیب اللہ" کے فرمان سے محنت کش کی عظمت کو تسلیم کرتا ہے۔ رہنمائوں نے کہاکہ محنت کش طبقے کومعاشی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،محنت کشوں کو بھر پور احترام دینا اورساتھ لے کر چلناآئی پی پی کی روایات میں شامل ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات