Live Updates

ملکی سلامتی اور امن و استحکام کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔سید صمصام علی

جمعہ 2 مئی 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ مکار بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوٹ چکا، مودی کا چہرہ بری طرح بے نقاب ہو گیاہے۔ مودی کی پوری سیاست نفرت پر مبنی ہے ، بہار کے انتخابات میں کامیابی کیلئے مودی الیکشن سٹنٹ کے طور پر سطحی ہتھکنڈے آزما رہا ہے۔

ہندوستان کی اقلیتیں بھی مودی کی سیاست سے تنگ آ چکی ہیں ۔ملکی سلامتی اور امن و استحکام کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، صوبائی جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی، آئی پی پی لاہور کے صدر ملک زمان نصیب، آئی پی پی شعبہ خواتین پنجاب کی صدر تحسین خاکوانی، رانا جاوید اقبال و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید صمصام بخاری نے کہا کہ مودی کسی غلط فہمی میں اگر نیوکلیئر پاور ملک کے ساتھ پنجہ آزمائی کر بیٹھا تو اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہوں گے۔ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ کو کسی ایڈونچر یا مس ایڈونچر کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے تاکہ سندھ تاس معاہدے کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنی سلامتی پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

آج بتانا چاہتے ہیں کہ بطور پر امن قوم مودی کی سوچ کے خلاف ہیں اقوام عالم کیلئے یہ بات قابل غور ہے کہ خطے میں ایسا کوئی بھی ایڈونچر مہنگا پڑے گا اس لئے عالمی برادری کو بھارت کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کا نوٹس لینا چاہئے۔ بھارت کے سکھوں کی زندگی مودی نے تباہ کر رکھی ہے جبکہ مودی خطے کے امن کیلئے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اگر نظریاتی سرحدوں کو چھیڑا گیا تو یہ انتہائی خطرناک ہوگا، آج پوری قوم متحد ہے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی پنجاب رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کیساتھ تھا اور ان کے ساتھ رہے گا۔ بھارت کی جانب سے ان پر جو بربریت ہو رہی ہے اس پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ رانا نذیر احمد خان نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ آج مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو جب بھی قربانی کی ضرورت ہو گی استحکام پاکستان پارٹی سب سے آگے ہوگی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات