Live Updates

’شہبازشریف سٹائلش تصویریں لگاتے ہیں‘ بھارت میں وزیراعظم کا انسٹا اکاؤنٹ بند ہونے پر وزیراطلاعات کا تبصرہ

وہ بہت اچھی ڈریسنگ کرتے ہیں اور انہیں اپنی ڈریسنگ کی فکر بھی ہوتی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنماء عطاء اللہ تارڑ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 مئی 2025 11:38

’شہبازشریف سٹائلش تصویریں لگاتے ہیں‘ بھارت میں وزیراعظم کا انسٹا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی 2025ء ) بھارت میں وزیراعظم شہباز شریف کا انسٹا گرام اکاؤنٹ بند ہونے پر وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا تبصرہ سامنے آگیا۔ اس حوالے سے سنو نیوز کے ایک پروگرام مین بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا انسٹاگرام اس لیے بند کیا گیا ہے کہ وہ بہت اچھی ڈریسنگ کرتے ہیں اور انہیں اپنی ڈریسنگ کی فکر بھی ہوتی ہے، وہ انسٹا پر سٹائلش تصویریں لگاتے ہیں جو انڈیا والوں سے برداشت نہیں ہو سکیں اس لیے انہوں نے شہباز شریف کا انسٹا گرام کا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کہتے ہیں کہ اس کے علاوہ ان کو کاکول کی تقریر ہضم نہیں ہوئی جس کی وجہ سے وزیر اعظم کا یوٹیوب چینل بھی بند کردیا کیوں کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں سچے سٹیٹس مین کی طرح بات کی اور انہیں منہ توڑ جواب دیا جس کی وجہ سے بھارتیوں کو وزیراعظم سے تکلیف ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ کاکول اکیڈمی سے خطاب کے بعد بھارت نے وزیراعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر پابندی عائد کردی، بھارتی شکایت پر وزیراعظم کی تقریر بھی یوٹیوب سے ہٹادی گئی، پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے متعدد پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے یوٹیوب چینل پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، یو ٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی تقریر ہٹانے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور میڈیا پر ایک بار پھر پابندی عائد کرنے کا معاملہ خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، یہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب پہلگام کے علاقے میں بھارتی سیاحوں کے قتل کا الزام پاکستان پر لگایا گیا حالاں کہ بعد میں بھارتی فوج کے ایک جنرل نے اعتراف کیا کہ یہ واقعہ بھارت کا ایک ’’فالس فلیگ آپریشن‘‘تھا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا، تاہم پابندی کے فوری بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی فلموں، ڈراموں اور دیگر میڈیا ریلیزز کو روک دیا گیا، جس میں فواد خان اور ہانیہ عامر کی آنے والی فلمیں بھی شامل تھیں تاہم اس اقدام پر پاکستانی شوبز انڈسٹری نے خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ زبردست ردِعمل دیا، مشہور اداکارہ مشی خان نے بھارتی پابندی پر نہ صرف تنقید کی بلکہ سوشل میڈیا پر بھارتی ڈراموں کا مذاق اڑاتے ہوئے ایک مزاحیہ ویڈیو بھی شیئر کی۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات