ورکرز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،وفاقی وزیر مذہبی امورسردار محمد یوسف

اتوار 4 مئی 2025 17:20

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور، بین المذاہب آہنگی سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ ورکرز کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دی جائے گی ، ورکرز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وہ اتوار کو یہاں حویلیاں میں ہزارہ ڈویژن سےتعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔تنظیم سازی کے حوالے سے منعقد اجلاس سے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی ،ہزارہ ڈویژن کے صدر اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار شاہ جہان یوسف، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان اور پیر صابر شاہ نے بھی خطاب کیا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گاؤں اور محلوں کی سطح پر تنظیم سازی کر کے مقامی سطح پر پارٹی کو زیادہ مضبوط کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقتدار میں آکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔موجودہ حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی بحران سے نکالا۔ پاکستان کی معیشت روز بروز مضبوط ہوتی جا رہی ہے ۔مقررین نے کہا کہ پوری قوم ملک کی سالمیت کیلئے یکجا ہے ۔بھارت جارحیت کرنے سے پہلے سو بار سوچے کہ قوت ایمانی کے جذبے سے سر شار پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔