Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا کی بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کی شدید مذمت

اتوار 4 مئی 2025 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھارت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بھارت کی بوکھلاہٹ اور آزادی اظہار کے خلاف رویے کا واضح ثبوت ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جرات مندانہ اور اصولی موقف سے بھارت خائف ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

بطور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر نہ صرف کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا بلکہ کشمیری عوام کی آواز کو عالمی فورمز تک پہنچایا جو بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کشمیر پالیسی ہمیشہ کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمان رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جس انداز سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی وکالت کی، وہ بھارت کے لیے ناقابل برداشت بن گئی۔ گورنر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر آواز دبانے کی یہ کوشش ناکام ہوگی کیونکہ سچ کو بند نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستانی عوام چیئرمین بلاول بھٹو کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کے حق کی جنگ ہر سطح پر جاری رہے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات