Live Updates

مالٹاکا ڈرون حملے کے شکار بحری جہاز تک رسائی نہ دینے کااعلان

یہ جہاز غزہ کے باسیوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد لے کر جا رہا تھا،این جی او

پیر 5 مئی 2025 12:08

مالٹا سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)بین الاقوامی 'این جی او' نے کہا ہے مالٹا نے ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے بحری جہاز تک رسائی نہیں دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ جہاز غزہ کے باسیوں کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد لے کر جا رہا تھا کہ اس دوران بین الاقوامی حدود میں اسے ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔مالٹا کے حکام کے مطابق بحری جہاز کے عملے نے مدد لینے سے انکار کر دیا تھا۔

بین الاقوامی ادارے 'فریڈم فلوٹیلا کولیشن' نے کہا ہے کہ امدادی سامان لے جانے والے جہاز پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے جس نے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو ایک بار پھر قحط کا سامنا ہے۔تاہم اسرائیل نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

(جاری ہے)

'این جی او' کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے سے بحیرہ روم میں جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

جس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز 30 کارکنوں کا انتظار کر رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔13 ممالک سے تعلق رکھنے والے یہ 30 امدادی کارکن جہاز تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے کہ مالٹا کی فوج نے انہیں روک لیا اور انہیں واپس بھیج دیا گیا۔'این جی او' کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کو 2 مئی کی صبح ڈرون حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

جس کے بعد سے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا جہاز سفر جاری نہیں رکھ سکا۔جاری کردہ بیان کے مطابق حکام نے جہاز کی مرمت کے لیے بندرگاہ جانے سے بھی روک دیا ہے۔وزیراعظم مالٹا نے کہا ہے کہ جہاز کے لیے امدادی پیشکش موجود ہے۔ تاہم مالٹا کی سلامتی سب سے اہم ہے۔ جہاز کے کپتان نے مالٹا پولیس کے ساتھ تعاون سے انکار کرتے ہوئے جہاز میں داخلے سے منع کر دیا تھا
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات