Live Updates

خطے بالخصوص کشمیر میں دیرپا امن کے حصول کیلئے پاکستان، بھارت کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ضروری ہے، سردار عتیق احمد

پیر 5 مئی 2025 22:38

مظفرآباد/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ خطے بالخصوص کشمیر میں دیرپا امن کے حصول کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ضروری ہے۔دنیا 12 دنوں سے ہندوستان کی کارروائیوں کو دیکھ رہی ہے، ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

مصدقہ شواہد کے بغیر بھارت کی پروپیگنڈے کی کوششیں ناکام ہو جائیں گی، کیونکہ عالمی برادری بھارت کے ہتھکنڈوں سے تنگ آ رہی ہے اور سچائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔بھارت کی اپنی غلطیوں، جیسے کہ پہلگاما واقعہ، نے اس کی انتظامیہ کے اقدامات کی حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے ہندوستان پر زور دیا کہ وہ مزید تاخیر نہ کرے اور اپنے شواہد کو سچائی کے ساتھ پیش کرے۔

(جاری ہے)

دنیا ہندوستان کی شفافیت اور شواہد پر مبنی نقطہ نظر کی کمی سے بے چین ہوتی جارہی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا قومی سلامتی پر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ان کیمرا سیشن میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت، تمام اسٹیک ہولڈرز اور صوبوں کو ایک مقف اختیار کرنا ہوگا وگرنہ اندرونی انتشار بھارت کی سہولت کاری کا ذریعہ بنے گی۔

بھارت میں ہندو انتہاپسند دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں پر مسلسل حملے کررہے ہیں۔فالس فلیگ حملے کے بعد نہتے کشمیریوں کو دہشتگرد قرار دے کر ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ باندی پورہ، کلگام اور دیگر علاقوں میں بھی بھارتی فورسز نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے ان کے گھروں پر چھاپے مارے، گرفتاریاں کیں اور کئی کو ماورائے عدالت قتل کر دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پہلگام حملے کی مکمل غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ سچ عوام کے سامنے آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ مودی حکومت کا ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا تاکہ کشمیری مسلمانوں پر جبر کیا جا سکے اور عالمی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔دفاعی ماہرین نے بھی اس حملے کو مودی سرکار کی خطرناک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ کا مقصد کشمیر میں بے گناہ مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے اور یہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات