Live Updates

پوری قوم پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھڑی ہے، سید وسیم حسین

پیر 5 مئی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ایم کیو ایم کے رہنما سید وسیم حسین نے کہا ہے کہ پورے پاکستان سے اس وقت ایک ہی آواز بلند ہونی چاہئے کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کھڑا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے 370 اے کو ختم کر کے کشمیریوں کی قتل و غارت گری کر رکھی ہے، پاکستان پر الزام تراشیاں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے کہ پاکستان کی عوام پاکستانی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، آج پوری قوم پاکستان کی سالمیت کے ساتھ کھڑی ہے، آج غزہ میں اسرائیل کی بربریت کیخلاف امت مسلمہ کو کھڑا ہونا چاہئے اور اسرائیلی ایجنٹ بھارت کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہر اعتبار سے پاکستان کی افواج کو آزما چکا ہے۔ اگر پاکستان کے عوام نے بھارت کا رخ کر لیا تو بھارت کے پاس بھاگنے کا موقع نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کا مقابلہ پہلے بھی کر چکا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ پاکستان کی بات سب سے پہلے اور سیاست بعد میں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسمبلی کی طرف سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت کی حفاظت کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات