Live Updates

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں،راجہ شبیر احمد

پہلگام واقعے کے بعد بھارتی اقدامات پاکستانی موقف کو تقویت دے رہے ہیں

منگل 6 مئی 2025 14:54

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد نے بھارت کی جانب سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ایکس اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی شدید مذمت کی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام تو پاکستان پر دھر دیا،مگر سچائی سامنے آنے پر مودی سرکار اب سخت گھبراہٹ کا شکار ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سچ ہمیشہ سچ ہی ہوتا اور جھوٹ آخر کار پکڑا جاتا ہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے عوام کی آواز ہیں،ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنا بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی اقدامات پاکستانی موقف کو تقویت دے رہے ہیں،مودی سرکار سن لو،آوازیں دبانے سے سچ چھپتا نہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کے پاس فیس سیونگ کا کوئی راستہ نہیں بچا،بھارت کو شواہد پیش کرنے چاہیئں نہ کہ سنسر شپ کا راستہ اپنائے تنقیدی آوازوں کو دبانے کی کوششیں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر تشویش کو بڑھا رہی ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی حکومت کئی سیاست دانوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس،یوٹیوب چینل و فیس بُک پیج اور مختلف پاکستانی شوبز اسٹارز اور سابق کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھارت میں بلاک کرچکی ہے اکاؤنٹس بلاک کرنے سے بھارت کو ہمیشہ ذلت ورسوائی کا سامنا رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات