Live Updates

خیبرپختونخوا میں 40 ارب کرپشن سکینڈل کی خبریں تشویشناک، پی ٹی آئی حکومت اس کی جوابدہ ہے

بھارت میں بھی کِسان مودی کی زرعی دہشت گردی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں، حکومت پاکستان بھی کِسانوں کو یہی راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 6 مئی 2025 19:42

خیبرپختونخوا میں 40 ارب کرپشن سکینڈل کی خبریں تشویشناک، پی ٹی آئی حکومت ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ 11 مئی کو اسلام آباد میں مِلی یکجہتی کونسل کی مجلسِ قائدین (سپریم کونسل) کا اجلاس ہوگا۔ عالمی حالات، عالمِ اسلام کی صورتِ حال، فلسطین، کشمیر اور پہلگام میں ناجائز قابض بھارتی فوج کی نگرانی میں سیاحوں کے خون کی کھیلی گئی ہولی اور فالس فلیگ آپریشن کے تحت بھارتی جنونیوں کے پاکستان کے خلاف جنگی ماحول اور ملک کے اندر بڑھتے ہوئے انتشار کے تناظر میں مجلسِ قائدین کا اجلاس بہت اہم ہے۔

تمام دینی جماعتوں کے قائدین مشترکہ لائحہ عمل کی منظوری دیں گے۔ مجلسِ قائدین اجلاس کی میزبانی علامہ سید ساجد علی نقوی، سربراہ شیعہ علماء کونسل کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے انتظامی امور کے لیے اسلام آباد میں کمیٹی اجلاس ہوگا۔ مِلی یکجہتی کونسل ملک کی نمایاں دینی جماعتوں کا فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اتحادِ اُمت، دوقومی نظریہ اور اسلامی قوانین، اقدار کی حفاظت کے لیے غیرانتخابی پلیٹ فارم ہے۔

ماضی میں جس کے سربراہ علامہ شاہ احمد نورانیؒ اور قاضی حسین احمدؒ رہے۔ اِس وقت صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر مرکزی صدر ہیں۔
لیاقت بلوچ نے مرکز اہلِ حدیث میں پروفیسر ساجد میر مرحوم کی تعزیت کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کا مسلسل جھوٹ ہی عالمی طاقتوں کو ثالثی پر مجبور کررہا ہے۔

اگر پہلگام واقعہ میں پاکستان ملوث ہوتا تو عالمی طاقتیں بھارت کی طرف دار بن جاتیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی،  جنگی خطرات صرف جنوبی ایشیاء نہیں عالمی سطح پر نقصانات کا باعث ہونگے۔ ثابت شدہ جھوٹ پر عالمی برادری انڈیا کا محاسبہ کرے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کو اسی طرح معطل کیا جس طرح انڈین آئین سے کشمیر کو الگ ریاستی سٹیٹس دینے والی شقوں کو ختم کیا۔

مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت تبدیلی کا اقدام ریاستِ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی درجنوں قراردادوں  اور عالمی برادری کے فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی جرم ہے۔ انڈین فالس فلیگ پہلگام آپریشن کے ذریعے اسرائیل کی طرف داری کرتے غزہ میں فلسطینیوں پر قتلِ عام، نسل کشی کے لیے ظلم کی انتہاء سے دُنیا کی توجہ ہٹائی ہے اور غزہ پر فیصلہ کُن کارروائی کے ذریعے مکمل قبضہ کے اسرائیلی منصوبہ کو مہمیز دی ہے۔

دو ماہ سے زائد عرصہ سے غزہ میں ہر قسم کی امداد، خوراک، ادویات، دیگر ضروریاتِ زندگی کی مکمل بندش کے ذریعے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور غزہ کے نہتے عوام، خواتین اور بچوں پر مسلسل بمباری کے ذریعے قتلِ عام کرکے اُنہیں زبردستی غزہ سے بیدخل کرنے میں ناکامی کے بعد اب اسرائیل نے اپنی ریزرو فوج طلب کرکے فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے غزہ پر مکمل قبضہ کا پلان بنایا ہے۔

پاکستانی عوام بھارت کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں ہمیشہ کی طرح یک جان، یک آواز ہیں۔ بھارت بنگلہ دیش میں بھی اپنے ٹوڈی حکمرانی کے خاتمہ اور بنگلہ دیش کے عوام کی اواز بن کر جدوجہد کی وجہ سے مسلسل بنگلہ دیش کے خلاف اقدامات کررہا ہے۔ جنوبی ایشیاء میں کشیدگی کو ہوا دینے کا یہ انڈین قیادت کا طرزِ عمل خود بھارت کی تنہائی کا سبب بن رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف حکومت عالمی سطح پر مضبوط آواز اُٹھائے۔ یہ امر انتہائی افسوسناک اور المناک ہے کہ پاک بھارت بارڈرز کشیدگی کی آڑ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گندم کے کاشت کاروں اور کِسانوں کو رگڑ دیا ہے۔ بھارت میں بھی کِسان مودی کی زرعی دہشت گردی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں، حکومت خود پاکستان کے کِسانوں کو بھی یہی راستہ اختیار کرنے پر مجبور کررہی ہے۔

حکومت تنخواہ دار  طبقہ اور پنشنرز پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی بجائے کم کرے۔ وزراء اور ارکانِ اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں 200 فیصد اضافہ، مراعات یافتہ طبقے کو ریلیف دے کر عوام کو نچوڑنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ خیبرپختونخوا میں 40 ارب روپے کرپشن سکینڈل کی خبریں تشویش ناک ہیں، پی ٹی آئی حکومت اور قیادت اس کی جوابدہ ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات