موراگ اور فلاڈیلفی محوروں کے درمیان رفح میں امداد تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے، اسرائیلی فوج

بدھ 7 مئی 2025 15:03

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)اسرائیلی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ موراگ اور فلاڈیلفی کے محوروں کے درمیان رفح میں امداد تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اسرائیلی ریڈیو نے کہا کہ رفح میں امداد کی تقسیم کے تین مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رفح میں امداد کی تقسیم کا انتظام نجی امریکی کمپنیاں کریں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے رہائشیوں کو معائنے کے بعد تک رفح میں امدادی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں پریس بیانات میں کہا کہ وہ غزہ کی پٹی کے مکینوں کو خوراک کے حصول میں مدد کریں گے۔ انہوں نے حماس پر الزام لگایا کہ اس نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیلی حکومت کے اعلان کردہ منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

گوتریس کے نائب فرحان حق نے کہا ہے کہ گوتریس غزہ میں زمینی کارروائیوں کو بڑھانے اور فوجی موجودگی کو بڑھانے کے اسرائیلی منصوبوں کی اطلاعات سے پریشان ہیں۔

اس سے لامحالہ غزہ میں بے شمار اضافی شہری ہلاکتیں اور مزید تباہی ہو گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ غزہ کی پٹی مستقبل کی فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ادھرامریکی ایلچی سٹیو وِٹکوف کے حوالے سے کہا گیاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطے کے دورے سے پہلے یا اس کے دوران یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں پیشرفت کی امید ہے۔

وٹکوف نے کہا میں تقریبا ہر روز قطر، مصر اور اسرائیل کے ساتھ بات کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہم پیش رفت کر سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ یرغمالیوں کی واپسی چاہتے ہیں، نیتن یاہو بھی یہی چاہتے ہیں اور ہم ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔وٹکوٹ نے کہا کہ اسرائیل ایک خودمختار ریاست ہے جو اپنے فیصلے خود کرتی ہے اور صدر ٹرمپ اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یرغمالیوں کی بازیابی ضروری ہے اور حماس کو بھی غیر مسلح کرنا چاہیے۔ یاد رہے صدر ٹرمپ 13 سے 16 مئی تک خطے کا دورہ کریں گے اور اپنے دورے کا آغاز سعودی عرب سے کریں گے اور پھر قطر اور متحدہ عرب امارات جائیں گے۔