Live Updates

بھارت میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک 2 شدید زخمی ہوگئے

جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں ہیلی کاپٹر کا تباہ حال اندرونی حصہ دکھایا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 مئی 2025 10:21

بھارت میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک 2 شدید زخمی ہوگئے
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) بھارت میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک 2 شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اُترکاشی میں بھاگیرتی ندی کے قریب ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس میں سوار 5 مسافر ہلاک اور دو شدید زخمی ہوئے، ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں تاکہ امدادی اور بچاؤ کے کام شروع کیے جا سکیں، انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں ہیلی کاپٹر کا تباہ حال اندرونی حصہ دکھایا گیا، جو ٹکرانے سے مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان پر بھارتی حملوں کے بعد خطے کے حالات کشیدہ ہیں، بھارت نے گزشتہ رات کے اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کیا، بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، اس دوران ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور پاک فوج نے چری کوٹ کے بالمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کیا، پاکستانی کارروائی کے نتیجے میں پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی جس پر بھارتی فوج کے جوان بھاگنے پر مجبور ہوگئے، پوسٹ کے تباہ ہونے کے بعد دھواں نکلنے کے مناظر بھی بخوبی دیکھے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ بھی تباہ ہوگئی، 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو منہ کی کھانی پڑی، بھارتی جارحیت کا جواب پاک فوج بھرپور طریقے سے دے رہی ہے جس کے نتیجے میں جورا سیکٹر لوک، چھتری اور گفدار پوسٹیں، خاکی ٹیکری پوسٹ، دھرمسل 1 اور 2 پوسٹیں (بٹل سیکٹر)، شاہپور میں پوسٹ 3، سرلیا ون چیک پوسٹ (کوٹ کٹھیرا سیکٹر) تباہ ہوگئیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات