Live Updates

’لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم، اللہ اکبر‘ پاک فوج نے نیا قومی جنگی ترانہ جاری کر دیا

دل کو گرما دینے والی شاعری پر بنا ملی نغمہ پاک فوج کی بہادری، قربانی اور قومی اتحاد کی ترجمانی کرتا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 مئی 2025 11:06

’لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم، اللہ اکبر‘ پاک فوج نے نیا قومی جنگی ترانہ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانی قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ایک نیا ملی نغمہ ” لڑنے کیلئے تیار ہیں ہم“ ریلیز کر دیا گیا، جس نے سننے والوں کے دلوں میں جوش و ولولہ بھر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نغمہ میں شامل شاعری دل کو گرما دینے والی ہے، جس کی سحر انگیز آواز نے سننے والوں کو جذبے، عزم اور فخر کے ایک نئے احساس سے روشناس کرایا، اس ملی ترانے کے بول ’غالب ہیں خدا کا وار ہیں ہم ، لڑنے کے لیے تیار ہیں ہم‘، ہر پاکستانی کی زبان پر آ گئے، یہ نغمہ ناصرف ایک فنی شاہکار ہے بلکہ دشمن کو بھی یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو دینِ اسلام کے نام پر بنی اور اس کی فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کو اپنا موٹو سمجھتی ہے۔

(جاری ہے)

                                                                     
ترانے میں بھارت کے جنگی جنون کو للکارتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دشمن شاید بھول چکا ہے کہ وہ کس قوم سے ٹکرا رہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر برق رفتاری، جدید اسلحے اور سخت ترین تربیت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہیں، یہ ملی نغمہ پاک فوج کی بہادری، قربانی اور قومی اتحاد کی ترجمانی کرتا ہے، جو ریلیز ہوتے ہی قوم کے ہر فرد کے دل کی آواز بن چکا ہے، اس میں بار بار گونجنے والا ”اللہ اکبر“ کا نعرہ سننے والوں کے دلوں میں ایک نئی جرات، حوصلہ اور بھرپور ہمت پیدا کردیتا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات