عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے، بلاول بھٹو زر داری

یہ 2 طرفہ نہیں عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو 2 جوہری طاقتوں کے درمیان تنازع کے حل کیلئے مداخلت کرنی ہوگی، چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعرات 8 مئی 2025 17:21

عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کیے ہیں لہذا عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ 2 طرفہ نہیں عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو 2 جوہری طاقتوں کے درمیان تنازع کے حل کیلیے مداخلت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کے اقدامات کے لیے جوابدہ کیا جانا چاہیے تاکہ بھارت ہوش کے ناخن لے، غیر جانبدار تحقیقات سے ہم ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں جو مستقبل میں ایسے دہشت گرد حملوں کو روک سکے۔دوسری جانب عرب میڈیا کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کیے ہیں، بھارت پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دہشتگرد کیمپوں کا جھوٹ بول رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان میں دہشتگرد کیمپ ہیں تو بھارت نے بین الاقوامی تحقیقات کے پاکستانی مطالبے کو کیوں رد کیا بھارت نے شہری آبادی، شہری تنصیبات اور ڈیموں کو نشانہ بنایا۔