Live Updates

آزاد کشمیر اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی

جمعرات 8 مئی 2025 22:59

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعیدشاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں ازلی دشمن ہندوستان کی جانب سے وطن عزیز پر بزدلانہ حملے اور نہتے شہریوں اور مساجد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قراردیاگیا ۔

قرارداد میں ہندوستان کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کی گئی۔ قرارداد میں کہاگیا کہ انتہاپسند ہندوستان کی جانب سے مساجد جیسے مقدس مقامات پر حملے نہ صرف عالمی انسانی قوانین، بشمول جنیوا کنونشنز، کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے بھی منافی ہیں۔

(جاری ہے)

ہندوستان کی حالیہ جارحیت اور انتہاپسندانہ پالیسی خطے کے امن کو سبوتاژکرنے کی کوشش ہے۔

معصوم شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابل معافی جرم ہے۔قراردادمیں کہا گیا کہ ہندوستان کو انسانیت کے خلاف کیے گئے جرائم کا حساب دیناہوگا۔ ہندوستان نے خودساختہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر سالمیت کو چیلنج کیا ہے۔ اجلاس واضح کرتا ہے کہ ہندوستان کو دندان شکن جواب دینے کیلئے یہ ایوان، ریاست جموں وکشمیر کے عوام اور پاکستانی قوم اپنی بہاد اور محافظ افواج کی پشت پر ہے۔

قرارداد میں کہاگیا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس اقوام متحدہ، او آئی سی، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستان کی جارحیت اور اس کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور اس کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔قرارداد میں کہاگیا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ ایوان عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے اپنا جاندار کردارادا کریں۔

جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل میں ہے۔ ایوان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور وہاں پر ہونے والے مظالم باالخصوص کشمیریوں کے گھروں کو بارود کے ذریعے تباہ کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں کہاگیا کہ ایوان اپنی بہادر مسلح افواج پاکستان کو دفاع وطن کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کرنے پر سلام پیش کرتا ہے۔

نیز اپنے بزدل اور مکار دشمن پر واضح کرتا ہے کہ مسلمان قوم جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہے۔ ہم اپنے شہیدوں کے لہو کی روشنی میں اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جہاد ہماراراستہ،شہادت ہمارے رب کا انعام اور آزادی کشمیر ہماری منزل ہے۔ ایوان ہندوستانی بزدلان حملے میں شہید ہونے والے افراد کی بلندی درجات، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا اور ان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات