بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، علما کرام

جمعرات 8 مئی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) علما کرام نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے صحیح معنوں میں دشمن خوب پٹائی کی ہے، تحفظ ناموس رسالتﷺ محاذ کے زیراہتمام بھارتی جارحیت کی مذمت اورافواج پاکستان کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے اہل سنت آل پارٹیز کانفرنس جامعہ نعیمیہ لاہور میں ہو ئی ،کانفرنس کی صدارت تحفظ ناموس رسالتﷺ محاذ کے صدرصاحبزادہ پیر رضائے مصطفیٰ نقشبندی نے کی۔

کانفرنس کے مشترکہ اعلامہ میں کہا گیاکہ تحفظ ناموس رسالت ﷺمحاذکے زیراہمتام آج9مئی کو یوم وفائے پاکستان منایا جائے گا،ملک بھر میں اہل سنت کی مساجد ومدارس میں آئمہ وخطیب ملکی دفاع پر خطبات جمعہ دینگے،سول سوسائٹی،مساجدومدارس اوراہم ملکی تنصیبات پررات کی تاریکی میں بھارتی جارجیت کی پروزمذمت کرتے ہیں،حکومت پاکستان اورافواج پاکستان بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت کافوری بدلہ لے،پوری قوم پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

علما کرام نے مزید کہاکہ بھارت نے گزشتہ رات ایک بار پھر کھلی جارحیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، بھارت پوری دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہا ہے، پاک فوج اور عوام دونوں سرحدوں پر بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارت کو حالیہ کارروائیوں کا موثر جواب دینا ناگزیر ہو چکا ، بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں سول سوسائٹی،مساجدومدا رس کونشانہ بناکرعالمی قوانین کی خلاف وزری کی ہے۔

کانفرنس میں نظام مصطفیٰ پارٹی کے مرکزی رہنما ومعروف قانون دان خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ،جمعیت علما پاکستان کے مرکزی رہنماحافظ نصیر احمدنورانی،محافظان ختم نبوت کے سرپرست علامہ ذوالفقارمصطفی ہاشمی،مجلس علما نظامیہ کے مرکزی رہنمامولانا عمران الحسن فاروقی،جامعہ المرکز الاسلامی کے ناظم اعلی ڈاکٹرمفتی حسیب قادری، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما طاہرڈوگر،مرکزی جماعت اہل سنت کے رہنما قاضی عبدالغفار قادری،مسلم لیگ ن علما ومشائخ ونگ پنجاب کے صدرورکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ مفتی انتخاب احمدنوری،جامعہ حنفیہ غوثیہ کے ناظم اعلی علامہ طاہرشہزاد سیالوی،جامعہ علمیہ اچھرہ کے ناظم اعلی ڈاکٹرمفتی کریم خان،سیکرٹری جنرل تحفظ ناموس رسالت محاذ مولانا محمدعلی نقشبندی،پیر سید بلال حسین شاہ گردیزی،مفتی ندیم قمر،مولانا ارشد نعیمی،مولانا ممتاز ربانی،مفتی ابوبکر قریشی،مفتی عمران حنفی سمیت مدارس اہل سنت کے ناظمین،مدرسین،تنظیمات اہل کے عہدیدران نے کثیرتعداد میں شرکت۔

کانفرنس میں بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں شہیدہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت ان کے ورثا کے ساتھ تعزیت ودلی ہمدردی کااظہارکیا اورملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی د عاکرائی گئی۔کانفرنس میں اظہارکرتے ہوئے علما کرام نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے،بھارتی جارحیت ناقابلِ قبول اور پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے صحیح معنوں میں دشمن کی خوب پٹائی کی ہے، بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کئے گئے حملے ناقابل قبول ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔

علماء نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک، مگر اپنے دفاع اور خودمختاری کے معاملے میں کبھی غافل نہیں رہا، بھارتی جارحیت اور حالیہ دھمکی آمیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے مسلسل خطرہ بن چکا ہے، جس کا عالمی برادری کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی اس کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کرے۔