بھارتی جارحیت نے ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے،ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر

جمعرات 8 مئی 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) ناظم اعلی نظام المدارس پاکستان، ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے بھارت کی جانب سے جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں مساجد، مدارسِ دینیہ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں کو نشانہ بنا نا بزدلانہ فعل ہے۔بھارتی جارحیت نے ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ان حملوں کا مقصدپاکستان کی جغرافیائی خودمختاری کو چیلنج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے جس طرح رات کے اندھیرے میں عبادت گاہوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا، وہ اس کی کمزوری، بوکھلاہٹ اور اخلاقی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے۔ ایسے حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور جنگی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ انسانیت کے خلاف کھلی بربریت اور انتہا پسندی کا مظہر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے افواجِ پاکستان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر فوج نے ہر محاذ پر دشمن کی جارحیت کا جواں مردی سے مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیں اپنی بہادر افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ افواج پاکستان کی جرات، قربانی، استقامت اور حب الوطنی ملک کے ہر شہری کے لیے فخر اور ہمت کا باعث ہے۔

انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ملک بھر میں نظام المدارس سے وابستہ ہزاروں مدارس و جامعات کے ناظمین، اساتذہ، مشائخ، آئمہ، خطبا اور لاکھوں طلبہ پاکستان کی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ قومی اتحاد و یگانگت کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔

انہوں نے نظام المدارس پاکستان سے منسلک تمام اداروں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی یا جنگی صورت حال میں فوری طور پر زخمیوں کی مرہم پٹی، ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ)،خون کے عطیات اور دیگرفلاحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ مدارس کے منتظمین، طلبہ و اساتذہ مقامی سطح پر سول اداروں اور دفاعی اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے قومی دفاع میں عملی کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر میر آصف اکبر نے اپیل کی آج بروز جمعتہ المبارک کو یوم یکجہتی و سلامتی کے طور پر منایا جائے۔علمائے کرام،اپنے خطبات میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں اور بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کریں۔