مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے بھارتی جارحیت میں شہیدہونے والوںکی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا

جمعہ 9 مئی 2025 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کی جانب سے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں، خواتین اور بچوں کی جامع مسجد خالد بن ولید میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کی امامت مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ندیم نے بھارت کی حالیہ بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں مساجد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے شہید ہوئے، اور اس ظلم پر بھارت میں جشن منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان شہادتوں کو اپنے ماتھے کا جھومر اور اعزاز سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل ندیم نے واضح پیغام دیا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ نیپال یا بھوٹان نہیں، بلکہ ایک ایٹمی قوت ہے۔

پاکستان کی بہادر افواج اس کا بھرپور جواب دیں گی اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے نظریے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ فاشسٹ سوچ جلد تباہ ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بابری مسجد کا حساب لیا جائے اور اب وقت آ چکا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں، خصوصا سکھوں اور عیسائیوں کے لیے علیحدہ ریاست کا مطالبہ زور پکڑے۔