Live Updates

مشکل وقت میں پاکستان ،افواج کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ،کندھے سے کندھا ملا کر دشمن کا مقابلہ کریں گے،شاہ غلام قادر

ہندوستان نے ایک بار پھر بزدلانہ حملہ کرکے اپنی کمزوری، بوکھلاہٹ اور بدنیتی کو عیاں کیا ہے، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر

جمعہ 9 مئی 2025 17:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر، شاہ غلام قادر نے حالیہ بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور کندھے سے کندھا ملا کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ ہندوستان نے ایک بار پھر بزدلانہ حملہ کرکے اپنی کمزوری، بوکھلاہٹ اور بدنیتی کو عیاں کیا ہے۔

شاہ غلام قادر نے موجودہ صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں اور دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد، تنظیم اور شعور کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بحیثیت ذمہ دار شہری ہمیں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف کسی بھی منفی مہم کا حصہ نہ بنیں۔

والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں دشمن کی کسی سازش کا شکار نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہمیں اپنی سیاسی قیادت مسلح افواج پر پورا یقین ہے نیلم، چکوٹھی اور مظفرآباد میں حالیہ مظاہرے اور اجتماعات پاک فوج کے ساتھ عوامی یکجہتی کا واضح ثبوت ہیں۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ پہلگام حملہ خود بھارت کی منصوبہ بندی تھی، جس کے محض پانچ منٹ بعد پاکستان پر الزام لگا دیا گیا۔

بھارت ہر واقعے، خواہ وہ سکھوں کا قتل ہو یا دیگر حملے، کا الزام بغیر ثبوت کے پاکستان پر تھوپ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر کے خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے، مگر کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔شاہ غلام قادر نے حالیہ بھارتی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حوصلہ رکھیں، ہمارے پیاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ہندوستان کو ان مظالم اور جارحیت کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلط کردہ اس جنگ میں فتح بالآخر پاکستان اور کشمیریوں کی ہوگی۔ کشمیری قوم نے نہ کبھی بھارت کی بالادستی کو قبول کیا ہے اور نہ کرے گی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات