جنگی صورتحال، نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں بیوپاری بھی وطن پر مر مٹنے کو تیار

بیوپاریوں اور خریداروں کی مویشی دوست منڈی میں باجماعت نماز جمعہ کی ادائیگی،ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعائیں،ہفتے کی رات قوالی نائٹ ہوگی

جمعہ 9 مئی 2025 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی کا 22 واں روز،ملک کے مختلف شہروں سے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا،مویشی منڈی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم اور پاک افواج کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں آج ہفتے کی شب قوالی نائٹ کا اہتمام ہوگا، حب الوطنی کے جذبے سے سرشار بیوپاری جانوروں کی فروخت کے ساتھ وطن پر مرمٹنے کو تیار ہیں،قربانی کے جانوروں کی فروخت کے ساتھ بیوپاریوں کا حب الوطنی کا جذبہ بھی دیدنی ہے بیوپاری کہتے ہیں قربانی کے جانور فروخت ہوں یا نہ ہوں اپنے وطن اور قوم کی خاطر سرحدوں پر مر مٹیں گے، بیوپاریوں نے کہا کہ مودی سن لے ہم اپنا ہر کام چھوڑ کر پہلے تجھ سے نمٹیں گے ملک کی خاطر جانوروں کے ساتھ خود بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں بیوپاری کہتے ہیں ہم ہر محازذ پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے،مویشی دوست منڈی کا ہر بلاک فنکشنل ہوتے ہی دن بدن اس کی رونقوں میں بھی اضافہ ہوتاجارہا ہے، وی وی آئی پی ، وی آئی پی،کشمیر، پنجاب، سندھ اور کے پی کے بلاکس میں بیوپاریوں نے ڈیرہ جمایا ہوا ہے،ایڈمنسٹریٹر مویشی دوست منڈی فیصل علی کہتے ہیں بیوپاری حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں، مویشی منڈی میں پہلے دن سے ٹریلرز اور ٹرکوں میں لدے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوچکا ہے، شہری بھی بڑی تعداد جانوروں کی خریداری کر رہے ہیں ، بیوپاریوں نے نادرن بائی پاس مویشی منڈی قائم مسجد میں نماز جمعہ بھی باجماعت ادا کی،نماز جمعہ میں ملک و قوم کی سلامتی، فلسطین پاکستان اور امت مسلمہ کی کامیابی اور پاک فوج کی مدد و نصرت کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ہفتے کی شب کراچی والوں مویشی دوست منڈی کے رنگ دیکھنے کو ملیں گے،پاکستان کے معروف قوال امجد صابری کے فرزند اور دیگر معروف قوال نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے