صوابی، جمعہ یوم دفاع وطن کے طور پر منایا گیا،آئمہ کرام کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت

جمعہ 9 مئی 2025 19:45

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ضلع صوابی میں بھی جمعہ یوم دفاع وطن کے طور پر منایا گیا ، نماز جمعہ کے اجتماعات میں تمام مساجد میں آئمہ کرام نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ، اس سلسلہ میں علمائے کرام ' آئمہ مساجد اور خطبا کرام نے نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان کی سالمیت ' بقا اور استحکام پر اظہار خیال کیا اور دفاع وطن کے فریضہ ' ملک سے وفاداری اور حب الوطنی ' پاک فوج کی مکمل حمایت اور قومی یکجہتی پر روشنی ڈالی،انہوں نے عوام پر زور دیا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جائیں اور بھارت کی جارحیت ' پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور سرحدوں کی خلاف ورزی کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہو جائیں۔

(جاری ہے)

علما کرام اور آئمہ مساجد نے وطن عزیز کے دفاع ' پاکستان کی سالمیت پاک فوج کی کامیابی اہل پاکستان کی حفاظت اور قوم کے اتحاد واتفاق کیلئے خصوصی دعائیں کی اور پاکستان کے تحفظ اور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا، اجتماعات میں پاکستان اور فلسطین کے شہدا کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔