Live Updates

پاک فوج نے جو کہا تھا وہ کردکھا یا،ہمیں ان پرفخر ہے،سردارعتیق احمد

آپریشن بنیان مرصوص جوابی کارروائی نہیں، تاریخی اعلان ہے کہ ہم کمزور نہیں،سابق وزیراعظم

ہفتہ 10 مئی 2025 17:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہاہے کہ ہماری فوج نے جو کہا تھا وہ کردکھا یاہے،ہمیں پاک فوج پرفخر ہے، پاک فوج کی بھارتی جارحیت کے خلاف عبرت ناک جوابی کارروائی پرپوری کشمیری قوم کوفخر ہے،آپریشن بنیان مرصوص جوابی کارروائی نہیں، تاریخی اعلان ہے کہ ہم کمزور نہیں،بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کئے جس کے باوجود پاکستان نے تحمل سے کام لیا اور پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا،بھارت نے نور خان ایئربیس سمیت متعدد مقامات پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کا پاک افواج نے انتہائی موثر اور کامیاب جواب دیا،آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت کی وہ ملٹری تنصیبات نشانہ بنائی گئیں جن سے پاکستان پر حملے کئے گئے تھے، ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور پوری قوم کو کامیاب جوابی کارروائی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی پرفائرنگ سے زخمی اور شہید ہونے والوں سے اظہارتعزیت کرتے ہیں ایل او سی پر کشمیری عوام نے بھارتی جارحیت کا جس طریقے سے مقابلہ کیا ہے اس پرمسلم کانفرنس انہیں بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں نے پاک فوج کے شانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کامقابلہ کیا اور افواج پاکستان کے حوصلے بلند رہے ۔

ہمیں ایل او سی پر بسنے والے کشمیریوں پرفخر ہے۔ مسلم کانفرنس کی جانب سے بنائی گئی قومی رضا کارتحریک میں تمام مکاتب فکر سمیت آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اس میں شامل ہو کر ملکی دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے علمبردار اگر انڈیا اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ کی بجائے خطے میں امن چاہتے ہیں تو مسلہ کشمیر کو پُرامن طور پر کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا دونوں ممالک کے درمیاں کشیدگی کا اصل سبب مسلہ کشمیر ہے دنیا بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات