Live Updates

آل پاکستان گجر اسوسی ایشن کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شاندار ریلی کا انعقاد

مظفرآباد کی فضائیں پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں، پاک فوج زندہ باد، شہدائے پاک فوج زندہ باد، کے نعروں سے گونجتی رہیں

پیر 12 مئی 2025 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) آل پاکستان گجر اسوسی ایشن کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شاندار ریلی کا انعقاد۔ چیف آرگنائزر چوہدری فتحیاب گجر اور معروف قانون دان سردار زاہد مصدق ایڈووکیٹ نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی کا انتظام و انصرام کیا۔ اس موقع پر گجر ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت جن میں میاں محمد نصیر، حوالدار میاں محمد رشید، چوہدری عبد الطیف، میاں محمد شبیر، چوہدری نصیر،چوہدری جاوید، چوہدری شفیق چوہدری شفقت علی ایڈووکیٹ, سردار شوکت محمود ایڈووکیٹ، چوہدری صغیر، یعقوب چوہدری، میاں محمد نزیر کٹھانہ، چوہدری عدنان ایڈووکیٹ، صاحبزادہ محمود ایڈووکیٹ، چوہدری توفیق ایڈووکیٹ، بلال چوہدری، نثار ایڈووکیٹ، سردار عدنان ایڈووکیٹ، چوہدری عدنان، چوہدری اشرف، شاہد سلطان،چوہدری انجم،چوہدری حشمت،چوہدری سفیان،چعہدری شاہ ویز،چوہدری نعیم،چوہدری اظہر سمیت دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی حلقوں کے اکابرین اور سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کا انعقاد بینک روڈ سے آزادی چوک سہیلی سرکار تک کیا گیا۔ پرامن ریلی میں سیالکوٹ بارڈر پر گجر برادری کے سپوت حوالدار عبدالرحمن کی شہادت کو پوری قوم اور ملک کے لیے لازوال قربانی قرار دیا گیا۔ اس موقع پر آل پاکستان گجر اسوسی ایشن و آزاد کشمیر گجر اسوسی ایشن ڈویژن مظفرآباد کے رہنماؤں نے ریلی سے خطاب بھی کیا۔ شرکاء ریلی نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم ہاتھوں میں بلند کر رکھے تھے جب کہ پورٹریٹ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر موجودہ شہدائے پاکستان کے علاوہ چیف آف ارمی سٹاف، ایئر سٹاف اور نیول سٹاف کی تصاویر آویزاں تھیں۔

آل پاکستان گجر اسوسی ایشن کے رہنماؤں و دیگر نے ریلی میں پاکستانی افواج اور شہدائے پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہار یکجتی کرتے ہوئے والہانہ نعرے بازی کی۔ اس موقع پر دارالحکومت مظفرآباد کی فضائیں پاک فوج قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں، پاک فوج زندہ باد، شہدائے پاک فوج زندہ باد، کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ ریلی کے اختتام پر آل پاکستان گجر اسوسی ایشن کے زعماء نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کو یقین دلایا کہ سرحدی علاقوں پر بسنے والوں کے تمام تر مشکلات و مسائل کا حل کرنے کے لیے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ تیار ہیں اور سروں پر کفن باندھ رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے جس طرح بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا وہ صدیوں تاریخ کے افق پر جگمگاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی غلط فہمی کا شکار تھا مگر اب اس کی غلط فہمی دور ہو جانی چاہیے۔ گجر قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید حوالدار عبدالرحمن نے دیگر شہداء کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کر کے گجر قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔ پاکستان و آزاد کشمیر کی سلامتی کے لیے قبل ازیں بھی گجر قوم نے لازوال قربانیاں پیش کر رکھی ہیں۔ ریلی کے اختتام پر پاک فوج، شہدائے پاک فوج، شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات