آپریشن بنیان مرصوص ہماری قومی یکجہتی، طاقت اورغیرمتزلزل عزم کی زبردست علامت ہے، راجہ فیصل آزاد

پیر 12 مئی 2025 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)سابق امیدوار اسمبلی مسلم لیگ ن راجہ فیصل آزادنے کہا ہے کہ پاک فوج کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کے بعد دشمن نے شکست تسلیم کی جس پر پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے۔ آپریشن ''بُنٴْیًانٌ مًّرٴْصُوصٌ'' کے ذریعے بھارتی جارحیت کیخلاف موثر جوابی کاروائی کر تے ہوئے متعدد بھارتی فوجی تنصیبات اور ایئر بیس تباہ وبرباد کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یہ آپریشن ہماری قومی یکجہتی، طاقت اور غیر متزلزل عزم کی زبردست علامت ہے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف،چیف آف آرمی سٹاف اور مسلح افواج پاکستان کی کمال حکمت عملی نے دشمن کو ناکوں چنے چبو ا دیئے۔ ہمیں چیف آف آرمی سٹاف سے لے کر اپنی مسلح افواج کے ایک ایک سپاہی پر فخر ہے جنھوں نے ناقابل تسخیر دفاع کر کے پاکستان کا پرچم دنیا میں سربلند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس شاندار فتح میں پاک فوج،مسلم لیگ ن کی حکومت اور دیگر اتحادی جماعتوں کے علاوہ پاکستان اور آزادکشمیر میں رہنے والے ہر محب وطن شخص نے اپنی کوشش کے مطابق حصہ ڈالا۔

کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کی عظمت کو سلام پیش کر تا ہے اور مسلح افواج پاکستان کی فتح پرپوری قوم کو مبارکباد پیش کر تا ہے۔پاک فوج نے اپنے پروفیشنل ازم کا لوہا منوایا ہے اور دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ملک بھارت کا غرور خاک میں ملایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جو محاذ کھولا تھا اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ بھارت کی طاقت کا گھمنڈ خاک میں مل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کا کارنامہ دنیا کی ایک ایسی تاریخ بن گیا ہے جس کو دشمن ہزاروں سال اپنے بچوں کو ڈرا کر رکھے گا۔