Live Updates

’جنگ کوئی رومانوی چیز یا بالی ووڈ فلم نہیں‘ سابق انڈین آرمی چیف کا سیزفائر پر سوال اٹھانے والوں کو جواب

نادان لوگ ہمیں جنگ پر مجبور کریں گے اس پر خوش نہیں ہونا چاہیئے، سفارتکاری میری پہلی ترجیح ہوگی کیوں کہ یہ جنگ کا دور نہیں یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے؛ جنرل ریٹائرڈ منوج نروانے کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 مئی 2025 15:10

’جنگ کوئی رومانوی چیز یا بالی ووڈ فلم نہیں‘ سابق انڈین آرمی چیف کا ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2025ء ) بھارت کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ منوج نروانے نے سیزفائر پر سوال اٹھانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کوئی رومانوی چیز یا بالی ووڈ فلم نہیں ہے۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی شہر پونے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مجھے حکم ہوا تو میں محاذ پر ضرور جاؤں گا لیکن سفارتکاری میری پہلی ترجیح ہوگی کیوں کہ یہ جنگ کا دور نہیں ہے، جنگ یا تشدد آخری چیز ہونی چاہیئے جس کا ہمیں سہارا لینا چاہیئے، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، جنگ کوئی کوئی رومانوی چیز نہیں ہے، یہ آپ کی کوئی بالی ووڈ فلم نہیں ہے، سرحدی علاقوں میں رہنے والے وہ تمام لوگ بشمول بچے صدمے کا شکار ہیں جنہیں گولہ باری سے بچنے کے لیے راتوں کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

جنرل ریٹائرڈ منوج نروانے کا کہنا ہے کہ اگرچہ نادان لوگ ہمیں جنگ پر مجبور کریں گے، ہمیں اس پر خوش نہیں ہونا چاہیئے، اب بھی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ ہم مکمل جنگ کے لیے کیوں نہیں گئے؟ ایک فوجی کے طور پر اگر مجھے حکم دیا گیا تو میں جنگ پر جاؤں گا لیکن یہ میری پہلی ترجیح نہیں ہوگی، پہلی ترجیح سفارت کاری اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوگی تاکہ بات مسلح تصادم تک نہ پہنچے۔

اسی طرح بھارتی فوج کے ریٹائرڈ جنرل پی آر شنکر کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستانی جنگ میں واقعی ماہر ہیں ان سے لڑنا آسان نہیں، اب پتا چل گیا ہے کہ ہمارے پاس کیا ہے اور کیا کمزوریاں ہیں، جنگ ایک دو طرفہ عمل ہے، بھارت نے چینی ہتھیاروں کے خلاف پاکستان سے لڑائی کی جو انہیں چینیوں سے بہتر چلاتے ہیں اور یہ بات نظرانداز نہیں کی جا سکتی، چینی جنگی میدان میں اپنے ہتھیار مؤثر طریقے سے نہیں چلا سکتے اور اسی لیے میں چینیوں کے مقابلے پاکستانیوں سے لڑنے سے گریز کروں گا کیوں کہ پاکستانی جنگ میں واقعی ماہر ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات