Live Updates

ایف ڈی اے کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار تشکر کیلئے تقریبات و اجتماعات کا انعقاد

پیر 12 مئی 2025 17:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے )کے زیر اہتمام افواج پاکستان کی بھارت کے خلاف جنگ میں عظیم فتح پر اظہار تشکر کیلئے عوامی سطح پر تقریبات و اجتماعات منعقد ہوئے اور مختلف مقامات پر سٹیج سجائے گئے جن میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ایس او/اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر ساجد گجر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایف ڈی اے انقلابی ورکرز یونین کے صدر صداقت بلوچ، جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض، چیئرمین شیخ عمران و دیگر عہدیداروں،سٹاف کے اراکین اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں اظہار تشکر کی ان تقریبات میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے کے زیر اہتمام اظہار تشکر کے لئے یہ اجتماعات و تقریبات ایف ڈی اے کمپلیکس، اسٹیشن چوک، ڈی گراؤنڈ پیپلز کالونی اور مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز میں منعقدہ ہوئے۔

اس موقع پر بھارت کے خلاف جنگ کی فتح کے جشن میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور پر جوش انداز میں نعرہ تکبیر۔ اللہ اکبر۔ پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور قومی پرچم لہرائے گئے۔ جنگ کا یہ معرکہ جیتنے کی خوشی میں شہریوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کی فتح پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا اور کہا کہ اس معرکے میں صلاحیتوں کے اعلیٰ کارناموں کی نئی تاریخ رقم کر کے مسلح افواج، پاکستانی شاہینوں اور وطن کی قیادت نے قوم کا سر فخر بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی جائیگی، پاکستانی قوم متحد اور دشمن کے خلاف چٹان کی طرح مضبوط ہے جو اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ افواج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ جدید جنگی مہارتوں و صلاحیتوں کی حامل دنیا کی مضبوط اور منظم فوج ہے، آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی افواج پاکستان اور ائیر فورس کے شاہینوں کی عمدہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئندہ دشمن کو پاکستان کے خلاف جارحیت کی جرأت نہیں ہوگی۔ انہوں نے وطن عزیز کی حفاظت اور افواج پاکستان کی بقا و سلامتی کی دعا کی۔

ڈی گراؤنڈ پیپلز کالونی سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تاجروں نے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کے ہمراہ افواج پاکستان کی فتح کا جشن بھرپور انداز میں منایا جس میں عام شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ پاکستان اور مسلح افواج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے گئے، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ صدر سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن شاہد ممتاز باجوہ نے کہا کہ پوری قوم کی طرح تاجر برادری بھی اپنی پاک افواج کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتی ہے جنہوں نے بھارت کا غرور توڑ دیا اور اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات