Live Updates

عمران خان سے ملاقات کیلئے پارٹی رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کو ارسال

لسٹ میں شامل تمام پارٹی رہنما اور وکلا ملاقات کے لیے کل جیل جائیں گے؛ پی ٹی آئی رہنما نیاز اللّٰہ نیازی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 مئی 2025 17:02

عمران خان سے ملاقات کیلئے پارٹی رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کو ارسال
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کیلئے پارٹی رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کو ارسال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان سے کل ملاقات کرنے والے رہنماؤں کی فہرست اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھیج دی ہے، لسٹ میں پارٹ چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت 6 رہنماؤں کے نام شامل ہیں، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما نیاز اللّٰہ نیازی کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے فہرست جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھیجی گئی ہے، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتیوں کی فہرست میں بیرسٹر گوہر، سلمان صفدر، نیاز اللہ نیازی، نعیم حیدر پنجھوتھا، علی بخاری اور ظہیر عباس کے نام شامل ہیں، لسٹ میں شامل تمام پارٹی رہنما اور وکلا ملاقات کے لیے کل جیل جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقررکردی گئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 15 مئی کو درخواستوں کی سماعت کرے گا، عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے طلب کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، جناح ہاؤس، عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت آٹھ مقدمات میں درخواستیں دائر کی گئی ہیں، درخواستوں میں مؤقف اختیارکیا گیا ہے کہ اے ٹی سی نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتیں خارج کردیں ہیں جب کہ اسی نوعیت کے دیگرمقدمات میں درخواست گزارکی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں۔

                                            
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات