Live Updates

بھارت اب کسی طرح کا ایڈونچر کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا ‘ محسن نقوی

پہلے جنگ بری، بحریہ ،فضائیہ لڑتی تھیں ،اب سفارتکاری اور میڈیا پربھی جنگ لڑی جاتی ہے ،پانچوں محاذوں پرشکست دی

پیر 12 مئی 2025 18:13

بھارت اب کسی طرح کا ایڈونچر کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا ‘ محسن نقوی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت اب کسی بھی طرح کا ایڈونچر کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا ،پہلے جنگ بری، بحریہ اور فضائیہ لڑتی تھیں اب سفارتکاری اور میڈیا پربھی جنگ لڑی جاتی ہے اور پاکستان نے بھارت کو پانچوں محاذوں پر بری طرح شکست دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ڈرون حملے میں شہید ہونے والے علی حیدر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم ڈرون حملے میں علی حیدر کے دوکزن بھی زخمی ہوئے ، جو بھی ممکن ہوا شہید کے اہل خانہ کے لئے کریں گے،علی حیدر اپنے والدین کا واحد سہارا تھا،اللہ شہید کے والدین کو صبر جمیل دے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہداء کے خون کی وجہ سے بھارت کے خلاف کامیابی ملی ہے ، ہماری افواج نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ، شہداء قوم کا فخر ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اب بھارت ایڈونچر کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا ،پہلے بری ، بحریہ اور فضائیہ جنگ لڑتی تھیں اب جنگ پانچ حصوں میںہوتی ہے جس میں چوتھی سفارتکاری اور پانچواںمیڈیا ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم نے پانچوں محاذوں پر بھارت کو بری طرح شکست دی ہے ۔انہوں نے بھارت کی جانب سے پرا کسی کے ذ ریعے دہشتگردی کے حوالے سے کہا کہ ان کو اس میں بھی اسی طرح شکست ہو گی ۔

دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بھی دیکھیں گے ،دہشتگردوں کے پائوں اکھڑ رہے ہیں اور مزید کارروائیاں ہوں گی ۔ انہوںنے پی ایس ایل کے حوالے سے کہا کہ اس کا جلد ہی فیصلہ کر لیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا کسی طرح کی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ،بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ رچایا ، کیونکہ وہاں کی فلم انڈسٹری بڑی زبردست ہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات