1965 کے بعد اب مئی 2025 کی جنگ میں بھی پاکستان نے بھارتی غروروتکبر کو خاک میں ملادیا
مودی سرکار نے پہلگام واقعہ پر عدم ثبوت کی بنا پر فرسٹریشن میں جنگ چھیڑی، جنگ جاری رکھنا انڈیا کی مجبوری ہوسکتی ہے لیکن ہر بارذلت آمیز ناکامی کا ہی سامنا ہوگا۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ
ثنااللہ ناگرہ پیر 12 مئی 2025 19:37
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ظلم،دہشت گردی اور بیگناہ انسانوں کا قتلِ عام بھارت کو لے ڈوبا،دشمن کے خلاف اس تاریخ ساز فتح نے افواجِ پاکستان سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔منصورہ مرکزِ جماعت میں سیاسی، قومی امور پر مشاورتی اجلاس میں خطاب کیا۔
مِلی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماؤں سے ملکی صورتِ حال پر ٹیلیفونک رابطے کیے اور اسلام آباد میں سینئر صحافی ذوالفقار بیگ کے برادرِ نسبتی کی تقریبِ ولیمہ میں شرکت کی،سیاسی، صحافتی، سماجی رہنماں، شخصیات، مسلم لیگی قائدین چوہدری تنویر، ایم این اے راجہ قمرالاسلام سے ملاقات کی،اس اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ 1965 کے بعد مئی 2025 میں بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے مقابلہ میں دفاعِ وطن اور قومی وحدت و یکجہتی قوم کو نیا جذبہ ملا اور پاکستان نے عسکری، سفارتی اور ڈیجیٹل سائبر وار فیئر میں زمینی، فضائی اور سمندری تینوں محاذوں پر ملٹی ڈومین آپریشنز میں اپنی دفاعی حکمتِ عملی اور برتری ثابت کرکے ہائی کلاس پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کیا اور بھارتی غرور و تکبر کو خاک میں ملادیا،پاکستان نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے اندر صرف ان اہداف کو نشانہ بناکر تباہ کیا جہاں سے بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے میزائل داغ کر شہری آبادیوں میں مساجد اور معصوم پاکستانی شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بناکر شہید کیا،الحمدللہ! دشمن کے خلاف اس تاریخ ساز فتح نے افواجِ پاکستان سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اس تاریخی فتح پر حکومت، افواجِ پاکستان سمیت پوری پاکستانی قوم نے اللہ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا ہے،ظلم،دہشت گردی اور بیگناہ انسانوں کا قتلِ عام بھارت کو لے ڈوبا،پاکستانی مِلت اس تاریخ ساز کامیابی کے بعد غرور، تکبر اور انتشار کی بجائے اتحاد و وحدت کی فضا کو برقرار رکھا،تمام اسٹیک ہولڈرز کو بحرانوں کے خاتمہ اور مضبوط پاییدار پیش رفت کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
(جاری ہے)
لیاقت بلوچ نے بہاولپور، خانیوال، لاہور اور اسلام آباد میں صحافیوں، یوٹیوبرز اور میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں کہا کہ انڈیا نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان دشمنی، انتہاپسند ہندوتوا نظریے اور اکھنڈ بھارت کے غرور میں مبتلا ہوکر پاکستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ناپاک منصوبہ بنایا، پہلگام واقعہ پر عدم ثبوت کی بنا پر پاکستان کے خلاف بیانیہ اور مقدمہ بنانے میں ناکامی پر بھارت نے فرسٹریشن میں جنگ چھیڑدی،یہ اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہوا کہ پوری قوم، تمام سیاسی قوتیں، افواجِ پاکستان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے یک جان، یک آواز ہوگئیں۔ افواجِ پاکستان اور دفاعی حکمت کاروں نے بہترین حکمتِ عملی کیساتھ انڈین جارحیت کا دلیرانہ اور منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی عزت، ساکھ اور وقار کو بحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ انڈیا نے سوچا کہ پاکستان اندرونی سیاسی، قومی خلفشار اور معاشی بحران سے دوچار ہے اس لیے جارحیت کرکے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کا اسے یہ بہترین موقع نظر آیا،یہی وجہ ہے کہ یہ جھوٹا بیانیہ بنانے کی مسلسل کوشش کی گئی کہ حالات 1971 سے زیادہ خراب ہیں لیکن الحمد للہ! اللہ کی تائید و نصرت سے یہ جھوٹا بیانیہ بھی اپنے عزائم کی تکمیل سے پہلے ہی فیل ہوگیا، حکومت، پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیوں، تمام سیاسی جماعتوں، میڈیا/سوشل میڈیا نے پاک بھارت کشیدگی اور جنگی ماحول میں بہت ذمہ دارانہ اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور قومی جذبہ اور کردار کا مظاہرہ کیا،انڈیا پاکستان ہی نہیں خطے میں ہر ہمسائیہ کے لیے زہریلا، مکار اور خطرناک دشمن ہے،جنگ جاری رکھنا انڈیا کی مجبوری ہوسکتی ہے لیکن اسے اپنے مکروہ عزائم کے حصول میں ہر دفعہ اسی طرح ذلت آمیز ناکامی کا ہی سامنا ہوگا،اب جنگ بندی کے بعد مذاکرات کا کیا ماحول ہوگا؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا لیکن پاکستان انڈیا سے پہلگام فاکس فلیگ آپریشن اور اس کے بعد جارحانہ حملوں میں معصوم پاکستانی بچوں، خواتین کی شہادت پر معافی کا مطالبہ، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بھارتی فیصلے کی واپسی اور آبی دہشت گردی کے کا ازالہ پاک بھارت کے درمیان اصل تنازعہ، طویل عرصے سے حل طلب مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حقِ خودارادیت کے حصول کے مضبوط بیانیہ اور حکمت کاری کو اپنے مذاکراتی ایجنڈے کا حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی ملت کی بیداری انڈیا اور اسرائیل کے شیطانی گٹھ جوڑ کے خلاف قوم کی طاقت بنی ہے،مظلوم فلسطینیوں کے خلاف ظلم کے خاتمہ کے لیے بھی پاکستان اپناکرداراداکرے۔