ولی کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہے‘ ان کی حیات مبارکہ روشنی کا مینار ہوتی ہے‘حامد سعید کاظمی

پیر 12 مئی 2025 22:48

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2025ء)سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور، صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ ایک ولی کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہے۔ ان کی حیات مبارکہ روشنی کا مینار ہوتی ہے۔ حضرت پیر سید خادم حسین شاہ چشتی قادری علیہ رحمت کے دو روزہ سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب منعقدہ جامع مسجد اللہ والی نورے والی رحیم یارخان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ ولی کی کرامات انسانی شعور کو اجاگر کرتی ہیں جبکہ معجزہ انسانی سوچ اور عقل سے ماورا ہوتا ہے۔

اللہ تعالی ہمیں ان کے فیوض و برکات سے مستفید فرمائے۔آمین! قبل ازیں تقریبات کا آغاز پہلے روز خلیفہ دربار سید بشیر احمد شاہ سعیدی، سید نذیر احمد شاہ سعیدی ودیگر مریدین اور عقیدت مندوں نے مزار شریف کو عرق گلاب اور خوشبوؤؑں سے معطر پانی سے غسل دے کر کیا اور ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسرے روز محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔

جس کا آغاز قاری شہزاد چشتی قادری نے تلاوت قرآن سے کیا۔ جب کہ ثناء خواں وسیم احمد قادری، احمد شاہ چشتی اور حافظ سبحان شاہ نے ہدیہ نعت رسولﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ محفل میلاد مصطفیﷺ میں جے یو پی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ نور احمد سیال سعیدی، سینئر صوبائی نائب صدر چودھری محمد ریاض نوری، علامہ محمد عمر اویسی، مولانا محمد اکرم نورانی، مولانا عزیزاللہ درانی، حافظ محمد الیاس سعیدی، خلیل احمد موہل ایڈووکیٹ، مولانا محمد ارشد وارثی اور سید وقار شاہ سمیت دیگر علماء کرام، مشائخ عظام اور عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نقابت کے فرائض محمد عالم شاہ سعیدی نے سراجام دیئے۔ بعدازاں صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے عالم اسلام کی سربلندی،پاکستان کی سلامتی و استحکام، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ محفل میلاد کے اختتام پر درودو سلام پیش کیا گیا اور ایصال ثواب کے لیے لنگر تقسیم کیا گیا۔